سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کو منسوخ کرنے کی اجازت دیدی ، نئے شیڈول کے متعلق ابھی کچھ نہیں بتا سکتے ،امید ہے بلدیاتی انتخابات کے حوالے انتظامات جلد مکمل کرلیں گے ،اشتیاق احمد خان

پیر 13 جنوری 2014 13:48

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13جنوری 2014ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے الیکشن کمیشن کو پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کو منسوخ کرنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کیلئے نیا شیڈول بنایا جائے۔ پیر کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کیس کی سماعت کی۔

عدالت میں سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے موقف اختیار کیا کہ حلقہ بندیاں بحال ہو بھی جائیں تب بھی سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا موجودہ شیڈول منسوخ کرنے کے سواء کوئی آپشن نہیں۔ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں موقف اختیار کیا کہ سندھ اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں دdئے گئے شیڈول پر انتخاب ناممکن ہیں۔

(جاری ہے)

بیلٹ پیر کی چھپائی اور تقسیم سے متعلق مشکلات ہیں سندھ ہائیکورٹ نے حکومت کی طرف سے کی گئی حلقہ بندیاں ختم کر دی ہیں لاہور ہائیکورٹ نے بھی ایسا ہی حکم جاری کیا تھا۔الیکشن کمیشن نے کہاکہ دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تین روز کی توسیع کے بعد انتخابی عمل ناممکن ہو چکا ہے الیکشن کمیشن صرف عدالتی حکم نامے کا انتظار کر رہا ہے سماعت کے دور ان ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاور نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی دائر عذرداریاں معقول ہیں الیکشن کمیشن کو اختیار دیا جائے کہ وہ نیا شیڈول جاری کرسکے۔

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی استدعا منظور کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن ضروری اقدامات کرکے دونوں صوبوں میں نیا شیڈول جاری کرے۔سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ نئے شیڈول کے متعلق ابھی کچھ نہیں بتا سکتے۔امید ہے بلدیاتی انتخابات کے حوالے انتظامات جلد مکمل کرلیں گے۔بیلٹ پیپرز ضائع نہیں ہوئے،ہم نے پرنٹنگ کارپوریشن کو رقم دی تھی جس سے صرف ابھی کاغذ خریدا گیا بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع نہیں ہوئی۔

کنٹونمنٹ،خیبرپی کے اور اسلام آباد میں انتخابات کی تاریخیں تبدیل نہیں ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کیا تھا، جسے تبدیل کرنے کی اجازت مل گئی، بلدیاتی انتخابات کا شیڈول منسوخ ہوگیا،اب مقرر تاریخوں پرانتخابات نہیں ہوں گے ۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ عدالتی احکامات کے پیش نظرحلقہ بندیاں بھی ہوں گی، قانون میں ترامیم، رولز اور قانون سازی کے بعد نئی تاریخ کا اعلان کرینگے اورترامیم کے بعد بلدیاتی انتخابات کا نیا شیڈول جاری کیا جائے گا۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے امید ظاہر کی کہ تمام عمل جلد مکمل ہوجائے گا۔