آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باعث موسم ایک بار پھر مزید سرد ہوگیا

پیر 13 جنوری 2014 14:32

مظفر آباد /سکردو /پشاور /کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13جنوری 2014ء) آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باعث موسم ایک بار پھر مزید سرد ہوگیا ، برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہونے سے اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوگئی ، گیس کی لوڈشیڈنگ اور لکڑی کی قیمتوں میں اضافہ نے عوام جینا دو بھر کر دیا جبکہ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹو ں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد،خشک اور آبر آلود رہنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باعث موسم ایک بار پھر سرد ہوگیا گلگت بلتستان کے 80 فیصد بالائی دیہاتوں کے زمینی رابطے منقطع ہوگیا جس کے باعث اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوگئی اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا ذرائع کے مطابق راستے بند ہونے سے ، لکڑی نایاب ہوگئی اگر کہیں دستیاب بھی ہے تو قیمتیں کئی گنا زیادہ بڑھ گئی ہیں لوگوں کو مختلف موسمی بیماریوں کا بھی سامنا کرنا کررہے ہیں جن سے خاص طور پر بچے اور بوڑھے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹو ں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد،خشک اور آبر آلود رہنے کا امکان ہے۔ تاہم کوئٹہ، قلات، راولپنڈی ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ملک کے بالائی علاقے سخت سردی کی لپیٹ میں ہیں گلگت شہراور گردونواح میں شدید برفباری کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا دیامر، غذر، استور کے بالائی پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے کم درجہ حرارت پارا چنار میں منفی 12،استور میں منفی10 اور ہنزہ اور اسکردومیں منفی 9 گلگت میں منفی 6 ،کالام اورمری میں منفی 3 جبکہ قلات،خضدار میں کم سے کم درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن،کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔اس کے علاوہ لاہور اورگوجرانوالہ ڈویژن مین بعض مقامات پر بونداباندی کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :