جیکب آباد ، 2معصوم بچیوں کو ”ونی“ جرگے میں ”کارو “قرار دینے پر متاثرہ شخص کی بیٹیوں کے ہمراہ خودسوزی کی کوشش

پیر 13 جنوری 2014 19:50

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 جنوری ۔2014ء)جیکب آباد میں قبائلی جرگے میں 2معصوم بچیوں کو ”ونی“ سنگ چٹی کرنے اور جرگے میں ”کارو “قرار دیکر 12لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کے خلاف متاثرہ شخص کا ونی کرنے والی بیٹیوں کے ہمراہ جیکب آباد میں بچیوں اور خود پر پیٹرول چھڑک کر خودسوزی کی کوشش، پولیس اور شہریوں نے بچا لیا۔تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے علاقہ گڑہی حسن سرکی میں گذشتہ روز بنگلانی قبیلے کے دو گروپوں میں سیاہ کاری کے تنازعہ کا جرگہ وڈیرے جہانگیر خان بنگلانی نے زبردستی کرکے ایک شخص ثنااللہ بنگلانی کو ”کارو“قرار دیکر اس پر 12لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے اس کی 2بچیوں 14سالہ درناز اور 5سالہ رابل کو سنگ چٹی ”ونی“ کیا گیا تھا جس پر متاثرہ شخص ثنااللہ بنگلانی نے جرگے کے فیصلے کو ماننے سے انکار کردیا ہے، بنگلانی قبیلے کے وڈیرے جہانگیر بنگلانی کی جانب سے زبردستی جرگہ کرنے اور بچیوں کو ونی کرنے کے خلاف متاثرہ شخص ثنااللہ بنگلانی نے ونی کرنے والی اپنی دونوں بیٹیوں 14سالہ درناز اور 5سالہ رابل کے ہمراہ جیکب آباد میں ڈی سی آفس کے سامنے خود پر اور بچیوں پر پیٹرول چھڑک کر خودسوزی کی کوشش کی تو وہاں پر موجودپولیس اہلکاروں اور شہریوں نے متاثرہ شخص اور اس کی معصوم بچیوں کو خودکشی سے بچالیا جس کے بعد پولیس نے متاثرہ شخص اور اس کی بچیوں کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے، اس موقع پر متاثرہ شخص اور بچیاں چیخے مار مار کر رو رہی تھی اور انصاف کی اپیل کررہی تھی اس دردناک منظر کو دیکھ کر شہریوں کی آنکھیں نم ہوگئی ، واضع رہے کہ چند ماہ قبل ایک پولیس اہلکار عبدالصمد بنگلانی نے اپنی دو بیووٴں کو سیاہ کاری کا الزام عائد کرکے قتل کیا تھا اور ملزم نے اپنی بیووٴں کے ساتھ ثنااللہ بنگلانی کو کارو قرار دیا تھا جس کا جرگہ گذشتہ روز گڑہی حسن سرکی تھانہ کی حدود میں ہوا تھا ۔

(جاری ہے)

جرگے میں ”کارو “ قرار دینے والے متاثرہ شخص ثنااللہ بنگلانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مر جاوٴنگا مگر اپنی بچیوں کو ونی کرنے نہیں دو نگا، میں خود کواور اپنی بچیوں کومار تو سکتا ہوں مگر انہیں کسی صورت ونی کرنے نہیں دونگا،اس نے کہا کہ میں تو خود سوزی کرنے کے لیے آیا تھا مگر پولیس اور شہریوں نے مجھے اور میری بچیوں کو بچالیا ہے اگر مجھے انصاف نہیں ملا تو میں مجبوراََ خودکشی کرونگا ،اس نے کہا کہ مجھ پر جھوٹا الزام عائد کرکے مجھے کارو قرار دیا گیا ہے جو کہ میرے ساتھ ذیادتی ہے، اس کا کہنا تھا کہ جرگے میں وڈیرے جہانگیر بنگلانی نے میری دو بیٹیوں کو ونی کردیا ہے جو کہ پاکستان کے آئین کے خلاف ہے مگر پولیس اس کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کررہی ہے، متاثرہ شخص نے چیف جسٹس آف پاکستان اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس کو بچیوں کو ونی کرنے سے بچایا جائے اور اس کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے ملوث وڈیرے اور دیگر افراد کے خلاف کاروائی کی جائے۔

ایس ایس پی جیکب آباد ظفر اقبال ملک نے جیکب آباد میں ہونے والے جرگے میں دو معصوم بچیوں کو ونی کرنے والے معاملے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جرگے کے متعلق ڈی ایس پی گڑہی حسن کو احکامات جاری کئے ہیں وہ تمام معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں جیسے تحقیقات سامنے آئے گی پولیس اس پر کاروائی کرے گی، ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ معصوم بچیوں کو ونی کرنا قابل مذمت ہے اور پاکستان کے آئین کے خلاف ہے اگر جرگے میں معصوم بچیوں کو ونی کرکے دیا گیا ہے تو پھر جرگہ کرنے والے وڈیرے سمیت جرگے میں موجود تمام افراد کو گرفتار کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ابھی تک جرگے کے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتے کہ جرگے میں معصوم بچیوں کو ونی کیا گیا ہے یا نہیں ، ایس ایس پی جیکب آباد نے مزید کہا کہ میں خود بھی کیس کی تحقیقات کررہا ہوں تاکہ حقیقت سامنے آسکے۔