ماضی کی نسبت آج پارلیمنٹ زیادہ خودمختاراوربااختیار ہے، کامران مائیکل،مادروطن کاتشخص مجروح اور سبزہلالی پرچم سرنگوں نہیں ہونے دیں گے،میاں نوازشریف پاکستان کے قومی مفادات پرہرگزآنچ نہیں آنے دینگے ، وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ

پیر 13 جنوری 2014 21:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 جنوری ۔2014ء) وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ سینیٹر کامران مائیکل نے کہا ہے کہ ماضی کے مقابلے میں آج پارلیمنٹ زیادہ خودمختار،باوقار اور بااختیار ہے۔ پچھلے حکمرانوں کے ادوارمیں پاکستان کی قسمت کے فیصلے سات سمندرپارہواکرتے تھے اورپارلیمنٹ کوبائی پاس کیا جاتا تھا مگراب فیصلے اٹھارہ کروڑپاکستانیوں کی نمائندہ پارلیمنٹ میں ہورہے ہیں۔

وزیراعظم میاں نوازشریف کاٹریک ریکارڈ دیکھتے ہوئے مقتدرقوتوں نے پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت کرنااور دباؤ ڈالناچھوڑدیا۔پرویزمشرف کے حوالے سے وفاقی حکومت پرکسی قسم کاکوئی دباؤنہیں ہے ۔اپنے ایک بیان میں کامران مائیکل نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت مادروطن کاتشخص مجروح اور سبزہلالی پرچم سرنگوں نہیں ہونے دے گی ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم میاں نوازشریف پاکستان کے قومی مفادات پرہرگزآنچ نہیں آنے دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں نوازشریف نے اپنے تجربات اورمشاہدات کی بدولت پاکستان پربیرونی سرمایہ کاروں کااعتماد بحال کردیا۔وزیراعظم میاں نوازشریف پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے موزوں ملک بنانے میں کامیاب ر ہے ہیں ،پاکستان میں سرمایہ کاروں کوحفاظتی اقدامات سمیت ہرقسم کی سہولیات دستیاب ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان پاکستان کاروشن مستقبل ہیں ،ان کی خوشحالی اورخودمختاری سے پاکستان میں سیاسی ومعاشی استحکام آئے گا۔

خواتین اورنوجوانوں کے برسرروزگارہونے سے مایوسی کے سیاہ بادل چھٹ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون سکیم پربیجاتنقید کرنیوالے خواتین اور نوجوانوں کی ترقی کے دشمن ہیں ۔کوئی معاشرہ یاملک اپنے نوجوانوں کونظراندازکرکے شاہراہ ترقی پرگامزن نہیں ہوسکتا ۔انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ وزیراعظم میاں نوازشریف کاہرایک وعدہ وفااوران کے ثمرات سے پاکستان کاہرطبقہ مستفیدہوگا ۔