آزاد کشمیراور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم (کل) عقیدت و احترام سے منائی جائیگی،سکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیئے گئے ، مختلف شہروں میں ڈبل سوار ی پر پابندی ، موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ

پیر 13 جنوری 2014 21:52

اسلام آباد/کراچی/لاہور/پشاور/کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 جنوری ۔2014ء) آزاد کشمیراور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم (کل) منگل کو عقیدت و احترام سے منائی جائیگی ،بارہ ربیع الاول کے حوالے سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیئے گئے ذرائع کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے۔

شہر قائد میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر عائد پابندی پندرہ جنوری تک برقرار رہے گی صوبائی حکومت نے بارہ ربیع الاول کو موبائل فون سروس بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا بڑے جلوسوں کی حفاظت کیلئے پانچ ہزار سے زائد اور شہر بھر میں پندرہ ہزار سے زائد پولیس اہلکار فرائض انجام دیں گے۔ جلوسوں کی نگرانی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے کی جائے گی۔

(جاری ہے)

پنجاب میں جلوسوں اور محافل کی سیکیورٹی کیلئے 75ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

8ہزار 867میٹل ڈیٹیکٹرز 47سی سی ٹی وی کیمرے اور ایک سو انتیس واک تھرو گیٹس لگائے جائیں گے۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی سیکیورٹی پلان تیار کر لیا گیاہے۔ راولپنڈی میں جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے چار ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ جلوس کے راستے پر مال بردارگاڑیوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ جلوس کے راستوں کو خاردار تاریں لگا کر بند کیا جائے گا۔

لاہور میں دس ہزار پولیس اہلکاروں کے ساتھ چار ہزار رضاکار بھی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے تمام ڈویڑنل ایس پیز کو ہوٹلوں میں قیام پذیر افراد اور بس و ویگن اسٹینڈز کی خصوصی چیکنگ کی ہدایت کی ہے۔ملتان میں بھی سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔ چار ہزار تین سو نو پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔پشاور میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری ،سیاہ شیشوں والی گاڑیوں اور افغان مہاجرین کے داخلے پر پابندی ہے جبکہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ کوئٹہ میں بھی سیکیورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :