وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا شہید طالب علم اعتزاز حسین کو خراج تحسین ، وفاقی حکومت سے ستارہ جرات دینے کا مطالبہ،سیکیورٹی حکام مجھ سمیت کسی بھی وزیر کو ایسا پروٹوکول نہ دیں جس سے سڑکیں بلاک اور عوام کو اس سے اذیت پہنچے ،پرویزخٹک

پیر 13 جنوری 2014 22:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 جنوری ۔2014ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے ہنگو میں دہشت گردی کی خوفناک واردات ناکام بنا کر جام شہادت نوش کرنے والے اعتزاز حسین کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ہنگو کے متعلقہ سکول کو شہید طالب علم کے نام کرنے ، اس کی مالی امداد کرنے اور ہنگو میں شہید طالب علم کے نام پر پلے گراؤنڈ تعمیر کرانے کا اعلان کیا ہے ۔

یہ اعلان انہوں نے پیر کے روز ڈپٹی سپیکر امتیاز شاہد کی زیر صدارت ہونے والے اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اعتزاز حسین جیسے بہادر سپوتوں کی جرات کو سلام پیش کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ وفاق سے سفارش کرتے ہیں کہ وہ شہید طالب علم اعتزاز حسین کو ستارہ جرات سے نوازے ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اپوزیشن کے اراکین کے پروٹوکول کلچر سے متعلق سوالات کے جوابات دیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے واضح کیا کہ انہوں نے واضح ہدایات حکام کودے رکھی ہیں کہ وہ ان سمیت کسی بھی وزیر کو ایسا پروٹوکول نہ دیں جس سے سڑکیں بلاک ہوں اور صوبے کے عوام کو اس سے اذیت پہنچے جب میں خود پروٹوکول نہیں لیتا تو کسی کو بھی یہ حق نہیں کہ سرکاری پروٹوکول لے اور اس کی وجہ سے سڑکیں بند ہوں اور عوام کو مشکلات لاحق ہوں ۔

وزیراعلیٰ نے اسمبلی فلور پر واضح کیا کہ وہ ابھی سے دوبارہ سرکاری حکام کو ہدایات دیتے ہیں کہ وہ میرے لئے آمدورفت کے دوران سڑکیں بند نہ کریں ، نہ ہی کسی وزیر کے لئے ایسا کریں ، اگر کوئی وفاقی وزیر بھی آئے تو اسے بھی ایسا پروٹوکول نہ دیا جائے جس سے سڑکیں بلاک ہوں اور عوام کو مشکلات پیش ہوں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے حقیقی معنوں میں پروٹوکول کلچر کا خاتمہ کر رکھا ہے جس پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :