پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ آسٹریلیا کو سیریزمیں تین کی بجائے دوٹیسٹ میچزکرانے کی تجویز دیدی

بدھ 15 جنوری 2014 13:15

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15جنوری 2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹ آسٹریلیا کو سیریزمیں تین کی بجائے دوٹیسٹ میچزکرانے کی تجویز دیدی ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین یہ سیریز رواں سال اکتوبر میں کھیلی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کرکٹ آسٹریلیا کوتجویز دی ہے کہ سیریزمیں تین کی بجائے دوٹیسٹ کرائے جائیں، تیسرے ٹیسٹ کی جگہ ون ڈے اور ٹی 20 میچز کھیلے جائیں تاکہ پاکستان کو ورلڈکپ 2015 کی تیاری کا زیادہ موقع مل سکے۔

کرکٹ سے متعلق بین الاقوامی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جیمز سدر لینڈ نے ایک انٹرویو میں کہاکہ رواں برس اکتوبر میں آسٹریلیا کو پاکستان کا دورہ کرنا ہے تاہم ابھی کئی باتیں طے کی جانی باقی ہیں کیونکہ دہشتگردی کے باعث پاکستان میں بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد ممکن نظر نہیں آتا ایسی صورت میں شاید دونوں ممالک کے درمیان سیریز متحدہ عرب امارات میں ہو اور اس بات کا بھی امکان ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کے بجائے 2 ٹیسٹ میچ ہوں اور اس سلسلے میں پی سی بی کی جانب سے بات بھی کی گئی ۔

(جاری ہے)

جیمز سدر لینڈ کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا چاہتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کم از کم 3 ٹیسٹ میچز ضرور کھیلے جائیں تاہم ہمیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مجبوریوں کو بھی دیکھنا ہوگا دونوں ممالک کے درمیان کھیلی جانے والی سیریز کے بعد ورلڈ کپ میں زیادہ وقت نہیں رہے گا جو کہ آئندہ برس کے اوائل میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مشترکہ طور پر ہونا ہے اور پاکستان اسی وجہ سے ٹیسٹ کے بجائے ایک روزہ مقابلوں کو ترجیح دے رہا ہے تاہم اس سلسلے میں کوئی بھی فیصلہ دوطرفہ مفاد کو دکھ کر ہی کیا جائے گا۔