نوجوان نسل کو صحت اور تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کرنے کیساتھ شخصیت میں اعتماد اور کردار کے جوہر پید اکرنا ہونگے ، سردار ایاز صادق

بدھ 15 جنوری 2014 15:34

نوجوان نسل کو صحت اور تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کرنے کیساتھ شخصیت ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15جنوری 2014ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نوجوانوں کو ملک کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ نوجوان نسل کو صحت اور تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی شخصیت میں اعتماد اور کردار کے جوہر پید اکرنا ہوں گے اورانہیں بہترین رہنمائی فراہم کرنا ہوگی۔ سویٹ ہوم، ایچ ایٹ میں منعقدہ عید میلاد النبی ﷺ تقریب کے موقع پر پاکستان سویٹ ہومز کے بچوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ پوری کائنات کے لیے مشعل راہ اور رحمتوں کے علم بردار ہیں۔

یہ ان کے مقدس کردار کی طاقت اور ان کی تعلیمات کی خود مثالی ہی تھی جنہوں نے نہ صرف لوگوں کے دلوں اور ذہنوں کو بدل کر رکھ دیا بلکہ مخالفین اسلام کی روشنی سے منور ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو بہترین انسان اور اچھا شہری بنانے کے لیے ضروری ہے کہ تعلیم کی سہولت اور اخلاقی اقدار کو بڑھانے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ امن ، روادری ، اخلاص اور صفائی ہمارے مذہب کے بنیادی جزوہیں اور اسلامی تعلیمات پر زندگی بسر کرتے ہوئے ہم کسی بھی بڑی چیلنج کا مل کر مقابلہ کرسکتے ہیں۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ ایسے اداروں کا نہ صرف دورہ کریں بلکہ ان کی کفالت میں بھی ہاتھ بٹائیں۔ ان کے اس عمل اور جذبے سے اداروں میں رہنے والے بچوں کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یتیموں کی کفالت کرنا ایک عظیم فعل ہے اور اس کار خیر میں حصہ لینے والے افراد نیک اور پارسا ہیں ۔انہوں نے سویٹ ہومز کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ غریب بچوں کی مدد کرنا ہمارا قومی اور اخلاقی فرض ہے ۔

انہوں نے بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر بیرسٹر عابد وحید شیخ اور چیف پیٹرن پاکستان سویٹ ہومز زمرد خان کا خاص طور پر ذکر کرتے ہوئے پسماندہ طبقات کیلئے اس طرح کے اداروں کے قیام کو احسن عمل قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان سویٹ ہومز کا قیام اس ملک کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان سویٹ ہومز کے لیے ایک رضا کار کے طور پر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے ادارے کے بچوں کو پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے قرات ، نعت خوانی اور تقریر کے مقابلوں میں کامیاب ہونے والے بچوں میں ٹرافیاں اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔ بعد ازاں انہوں نے سویٹ ہومز کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور بچوں کے ساتھ کھانا بھی کھایا۔ اس تقریب میں اراکین پارلیمنٹ ، سیاستدانوں اور سماجی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :