چائنیز سرمایہ کار صوبے اور شہر میں اس کی استعداد کا فائدہ اٹھا نے کیلئے جس سنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں‘گورنرسندھ

بدھ 15 جنوری 2014 16:16

چائنیز سرمایہ کار صوبے اور شہر میں اس کی استعداد کا فائدہ اٹھا نے کیلئے ..

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15جنوری 2014ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ چائنیز سرمایہ کار صوبے اور شہر میں اس کی استعداد کا فائدہ اٹھا نے کیلئے جس سنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں وہ حوصلہ مند ہے اس کا نتیجہ دونوں ممالک کے درمیان رشتوں کو مزید گہرا بنانے میں معاون ثابت ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی ہر کٹھن مرحلے میں مثالی ثابت رہی جس کا اعتراف دونوں ممالک کے عوام کرتے ہیں یہ دوستی حکومت ہی نہیں بلکہ عوام کے درمیان بھی قائم ہے یہی وجہ ہے کہ دونوں ممالک میں حکومت کی تبدیلی سے اس پر کوئی فرق نہیں پڑتا ہے دونوں ممالک کے حکمران یہ سمجھتے ہیں کہ پاک چین دوستی ہمالیہ کے پہاڑوں سے بلند اور سمندر کی گہرائی سے بھی زیادہ گہری ہے ۔

ان خیالات کا اظہا رانہوں نے گورنر ہاؤس میں چین کے سفیر Sun Wei Dong اور قونصل جنرل Ma Ya Ou سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ پاکستان کو درپیش سب سے بڑا چیلنج توانائی بحران پر قابو پانا ہے جس کے لئے چین کے سرمایہ کاروں کو بھرپورفائدہ اٹھا نا چاہئے ۔ گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ پاکستان میں موجود تمام توانائی پیدا کرنے والے پلانٹس اپنے استعداد سے تیس سے چالیس فیصد پر کام کررہے ہیں لہذا اگر چینی سرمایہ کار ان پلانٹس کی جگہ پر متبادل توانائی کے منصوبے لگائے تو کم سے کم لاگت اور قلیل مدت میں منافع حاصل کیا جاسکتا ہے جو یقیناً سرمایہ کاروں کی خواہش ہوگی ۔

انہوں نے کہاکہ اگر ہم تمام جنریٹنگ پلانٹس پر اس کی تقسیم اور سپلائی کی استعداد کا پورا فائدہ اٹھائیں تو اضافی سرمایہ کا ری کی ضرورت نہیں پڑے گی لہذا شمشی توانائی اور پن بجلی کے منصوبوں کے ذریعے یہ مقاصد حاصل کئے جاسکتے ہیں جس پر ان کی ہدایت کے مطابق ورکنگ پیپرز تیار کرلئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ انرجی حب کے طور پر ابھر رہا ہے جہاں دنیا کے بڑے کول ریزرو کے علاوہ شمشی توانائی اور پن بجلی کے کوریڈور موجود ہیں جن کے ذریعے اتنی توناائی حاصل کی جاسکتی ہے جو پاکستان کی کل ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ خطے کے دیگر ممالک کو بھی برآمد کی جاسکتی ہے اس پر پوری منصوبہ بندی کے ساتھ توجہ دی گئی تو بہت جلد یہ علاقہ پورے خطے کا معاشی حب بن سکتاہے ۔

اس موقع پر چین کے سفیر Sun Wei Dong نے گورنر سندھ کو بتایا کہ ان کا ملک پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم اور خطے کا کلیدی کردار ادا کرتے ہو ئے دیکھنا چاہتاہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے معاشی چیلنجز سے نمبرد آزما ہونے کے لئے چینی حکومت اور سرمایہ کار پاکستان میں بھرپور سرمایہ کاری کرنے کیلئے نہ صرف یہاں کا رخ کرچکے ہیں بلکہ کئی شعبوں میں سرمایہ کاری بھی کررہے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری دوستی کا رشتہ دلوں سے وابسطہ ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت کم نہیں کرسکتی ہے یہ وقت کے ساتھ ساتھ مزید پروان چڑھ رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ چین کے سرمایہ کار پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور اسی جذبے کے ساتھ چینی سرمایہ کار صوبے اور شہر میں سرمایہ کاری کررہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ چین ہر طریقے سے اپنے پاکستانی بھائیوں کو درپیش مسائل کے حل میں مدد کرتا رہے گا چین کے سرمایہ کار کراچی میں متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول میں ہر ممکن مدد فراہم کریگا اور بھاری سرمایہ کاری بھی یقینی بنائے گا ۔

متعلقہ عنوان :