آج کے ترقی یافتہ دورمیں بھی ہمارا ملک بہت پیچھے ہے ،آگے بڑھنے کاوقت آچکا،میاں نوازشریف،اقتدا ر کی کوئی پروانہیں،انصاف کادامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے،قرضہ سکیم کی سب سے زیادہ ضرورت سوات کے عوام کو ہے،بینکوں پرچند افرادکاقبضہ نہیں ہونے دینگے،پیسہ اٹھارہ کروڑ عوام کاہے،عوام کوہی دیاجائیگا،انجینئرامیرمقام پرقاتلانہ حملہ افسوسناک تھا،وزیراعظم کاسوات میں تقریب سے خطاب

بدھ 15 جنوری 2014 20:40

سوات (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 جنوری ۔2014ء) وزیر اعظم پاکستان میاں نوازشریف نے کہاہے کہ آج کے ترقیافتہ دورمیں بھی ہمارا ملک بہت پیچھے ہیں ،آگے بڑھنے کاوقت آچکا،ہمیں اقتدا ر کی کوئی پروانہیں،انصاف کادامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے،قرضہ سکیم کی سب سے زیادہ ضرورت سوات کے عوام کو ہے،بنکوں پرچند افرادکاقبضہ نہیں ہونے دینگے،پیسہ اٹھارہ کروڑ عوام کاہے،عوام کوہی دیاجائیگا،انجینئرامیرمقام پرقاتلانہ حملہ افسوسناک تھا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ودودیہ ہال سیدوشریف میں وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیرمقام،گورنرخیبر پختونخوا انجینئر شوکت اللہ،وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید ،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی جاوید عباسی ،مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری جنرل اقبال ظفرجھگڑا بھی موجود تھے ،اس سے قبل چیئرمین بورڈآف گورنرزنیشنل بینک آف پاکستان منیر کمال نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے حوالے سے روشنی ڈالی،تقریب لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کے علاوہ نوجوانوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،وزیر اعظم میاں نوازشریف نے کہاکہ آج مجھے سوات میں امن دیکھ کر انتہائی خوشی محسوس ہورہی ہے اوراس امن کے لئے میں قربانیاں دینے پر سواتی عوام،فوج اور پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں انہوں نے کہاکہ سواتی عوام نے بے گھر ہونے کے باجود ہمت اور حوصلہ نہیں ہارا جس کی میں ان کو داد دیتاہوں اور میں سمجھتا ہوں کہ قرضہ سکیم کی سب سے ذیادہ ضرورت سوات کے عوام کو ہی ہے انہوں نے کہاکہ ہم نے قرض سکیم کی شرائط مزید آسان کردی ہیں اور میں یہاں یہ کہناچاہتاہوں کہ یہ قرضہ تمام صوبوں کو آبادی کے تناسب سے محض میرٹ کی بنیاد پر دیاجائے گا ،انہوں نے کہاکہ وہ صرف ن لیگ کے نہیں بلکہ اب پوری قوم کے وزیر اعظم ہیں اور اللہ تعالی ٰ نے مجھے آج جو موقع دیا ہے وہ قوم کی خدمت کریں گے انہوں نے کہاکہ اقتدار کی کوئی پرواہ نہیں یہ آئے یا جائے مگرہم انصاف کا دامن نہیں چھوڑیں گے انہوں نے کہاکہ نوجوان قوم کا سرمایہ ہے ماضی میں نوجوانوں کو کسی بینک آنے کی اجازت تک نہیں دی گئی لیکن پاکستان کے بینک اور پیسہ چند بڑے لوگوں کا نہیں بلکہ یہ اٹھارہ کروڑعوام کے ہی ہیں انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کا آگے آنا چاہیے انہوں نے کہاکہ ترقی کے اس دورمیں بھی ہم سب سے پیچھے ہیں جبکہ دیگر ممالک ہم سے بہت آگے ہیں لیکن اب ہمیں آگے بڑھنا ہوگا ،انہوں نے کہاکہ ترقیافتہ ممالک کے اسی فیصدعام طبقے کے لوگ ہی ترقی میں نمایاں کردار اداکررہے ہیں جبکہ پاکستان میں اس طبقہ کو موقع ہی نہیں دیا گیا انہوں نے کہاکہ ماضی میں بھی ہم نوجوانوں کے لئے کئی ایک منصوبے لاناچاہتے تھے لیکن ہمیں موقع ہی نہیں دیا گیا انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے سات مہینوں میں ہی ترقی کی طرف سفر شروع کردیاہے جس میں نوجوان کلیدی کرداراداکرسکتے ہیں ،اس موقع پر وزیر اعظم نوازشریف نے انجینئر امیرمقام پرچند روز قبل ہونے والے قاتلانہ حملے کی مذمت کی اور ان سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا دریں اثنا وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے خطاب کے دوران ہی قرضے کے لئے درخواستیں دینے والے نوجوانوں اور خواتین سے بینکوں میں جانے اور ان کی سروسز کے حوالے سے پوچھا اور ان سے قرضے لیکر ان کے کاموں کے حوالے سے بھی خود کو آگا کیا درخواست گذاروں نے انہیں سود ختم کرنے کی درخواست کی لیکن انہوں نے کہاکہ بینکوں کے اپنے اخراجات ہوتے ہیں تاہم انہوں نے کوشش کی ہے کہ کم سے کم شرح پر قرضے دئے جائیں ،اس سے قبل جب وزیر اعظم میاں نوازشریف سوات پہنچے تو ہیلی پیڈپر وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیرمقام اور گورنرخیبر پختونخوا انجینئر شوکت اللہ نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد انہیں سخت سیکیورٹی انتظامات ودویہ ہال سیدوشریف لائے گئے ۔