چوہدری اسلم کے قتل پر سے عوام کی توجہ ہٹانے کی غرض سے سندھ میں پولیس کی تبادلوں اور رینجرز کے اعلیٰ افسران کی ناراضگی کا مسئلہ چھیڑا گیا ہے،الطا ف حسین

بدھ 15 جنوری 2014 20:48

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 جنوری ۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ان اخباری اطلاعات پر اپنی تشویش اظہار کیا ہے جو ذرئع ابلاغ میں شائع و نشر ہورہی ہیں کہ حکومت سندھ نے پو لیس میں بڑے پیمانے پر جو تبدیلیاں کی ہیں اس پر حکومت سندھ اور رینجرز اور رینجرز کے ڈی جی میجر جرنل رضوان اختر کے مابین سخت قسم کی غلط فہمیوں اور نا چاکیوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ چوہدری اسلم کی شہادت کے بعد بعض قومی اخبارات میں یہ خبریں بھی شائع ہوئی تھیں کہ چوہدری اسلم کا قتل بعض اداروں کی آپس کی چپقلش کا نتیجہ بھی ہو سکتی ہے۔ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ چوہدری اسلم اور ان کے دیگرساتھیوں کی شہادت اور زخمی ہونیوالوں کی تحقیقات حکومت سندھ اور رینجرز مل کر بھر پور طریقے سے کرتے تاکہ چوہدری اسلم کے قتل کی اصل وجوہات اوراس کے پیچھے کارفرما ہاتھوں کو پکڑ کر انہیں گرفتار کیا جاتا۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے کہاکہ چوہدری اسلم کی شہادت کے پیچھے دہشت گردوں سمیت اگر اندرونی ہاتھ بھی کارفرما تھے تو انکو بھی بے نقاب کیا جاتا ۔ انہوں نے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ چوہدری اسلم اوردیگر پولیس والوں کے قتل پر سے عوام کی توجہ ہٹانے کی غرض سے سندھ میں پولیس کی تبادلوں اور رینجرز کے اعلیٰ افسران کی ناراضگی کا مسئلہ چھیڑا گیا ہے اور اس مسئلے کی وجہ سے چوہدری اسلم اور انکے ساتھیوں کے قتل کی تحقیقات پسِ پردہ چلی گئی ہے اوراس طرح عوام کا ذہن چوہدری اسلم کی شہادت سے ہٹا کر دوسری طرف لگانے کی سازش کی گئی ہے ، الطاف حسین نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف ،مسلح افواج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر رینجرز اور سندھ حکومت کی آپس کی چپقلش کا نوٹس لیتے ہوئے اس مسئلے کو مزید بگڑنے سے بچائیں اور چوہدری اسلم اور انکے ساتھیوں کی شہادت اور انکے قتل کی منصوبہ بندی کرنیوالے اوراس پر عمل درآمد کرنے والے افراد کو گرفتار کر کے اصل حقائق فی الفور عوام کو بتائیں اور قاتلوں کو فی الفور سزادی جائے ۔

آخر میں الطاف حسین نے چوہد ری اسلم شہید اوران کے شہید ساتھیوں کے تمام پر خلوص دیرنہ پولیس کے افسران اور سپاہی ساتھیوں سے پر زور اپیل کہ وہ چوہدری اسلم شہید جنہیں ایک سازشی منصوبہ کے تحت قتل کیا گیاور ان کے ساتھیوں کے سفاکانہ قتل کے اصل حقائق سے توجہ ہٹانے کے لئے جو نئی نئی سازشیں کی جارہی ہے اس کو خدارا وہ سمجھیں اور چوہدری اسلم سمیت اپنے ساتھیوں کے خون پر پردہ ڈالنے کی سازش کو ناکام بنانے میں اپنا اپنا بھرپور کردار اپنے ضمیر کے مطابق ادا کریں۔