سینیٹ اجلاس، حکومت کی مزدورکش پالیسیو ں کیخلاف اپوزیشن کااحتجاجاً واک آؤٹ، لیسکو سے نکالے گئے ملازمین کے معاملے کی تحقیقات کی جائیں،عابدشیرعلی

بدھ 15 جنوری 2014 22:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 جنوری ۔2014ء) سینیٹ اجلاس میں حکومت کی مزدورکش پالیسیو ں کیخلاف اپوزیشن نے احتجاجاً واک آؤٹ کیا،جبکہ وفاقی حکومت نے یقین دہانی کرائی کہ وہ لیسکو سے نکالے گئے ملازمین کے معاملے کی تحقیقات کی جائیں۔

(جاری ہے)

بدھ کو سینیٹ کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پراظہارخیال کرتے ہوئے سینیٹرمیاں رضاربانی نے کہاکہ لیسکوسے 500مزدورو ں کو فارغ کردیا گیاہے نہ ان کو وجوہات بتائی گئیں اورنہ ہی یہ بتایاگیا ہے کہ ان کاکنٹریکٹ کیوں منسوخ کیاگیاہے وفاقی حکومت مزدور دشمن اورمزدورکش پالیسیاں اپنارہی ہے ٹیکس چوروں کو ریلیف دیاجارہاہے جبکہ سٹیل مل کے ملازمین کو گزشتہ تین ماہ سے تنخواہیں نہیں دی گئیں حکومت نے لیپ ٹاپ کیلئے رقم کی منظوری دیدی جبکہ سٹیل مل کیلئے پیکیج تسلیم نہیں کیا حکومت کی ان مزدورکش پالیسیوں کیخلاف احتجاجاً اجلاس سے واک آؤٹ کرتے ہیں جس کے بعد اپوزیشن ایوان سے واک آؤٹ کرگئی ایم کیو ایم نے بھی اپوزیشن کاساتھ دیا اورواک آؤٹ میں حصہ لیا۔

بعدازاں وفاقی وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابد شیرعلی نے ایوان کو یقین دہانی کرائی کہ نکالے گئے مزدوروں کے معاملے کی انکوائری کی جائے گی ۔