پی آئی اے 3 ائر بس A-320 طیارے ڈ رائی لیز پر حاصل کریگی، طیارے جولائی میں فضائی بیڑے میں شامل ہو جائیں گے، ایم ڈی پی آئی اے،طیارے معروف طیار ہ لیزنگ کمپنی GECAS سے لئے جا رہے ہیں،پائلٹوں کی تربیت مارچ سے شروع ہو جائیگی ،انجینئر نگ کے افراد بھی شامل ہونگے

بدھ 15 جنوری 2014 22:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 جنوری ۔2014ء) پی آئی اے کے دسمبر کے حوصلہ افزاء مالی نتائج اور 3 ایئر بس A-320 طیاروں کی ڈرائی لیز پر خریداری کے مصدقہ آرڈرز کے بعد پی آئی اے کے لئے طیاروں کی کمی پر قابو پانے میں خاطر خواہ مدد ملے گی ۔ یہ بات پی آئی اے کے مینیجنگ ڈائریکٹر محمد جنید یونس نے بدھ کو اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پی آئی اے ویٹ لیز پر حاصل کردہ طیارے جولائی 2014 تک نئے طیاروں کی ڈرائی لیز پر آمد تک استعمال کرے گی۔

اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ ریونیو کا حصول ہے اور اس دورا ن پائلٹوں کو تربیت دی جائے گی۔مینیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں ایئر بس A-320 طیارے ڈرائی لیز پر حاصل کئے جائیں گے۔ جس کے لئے پہلے ہی لیٹر آف انٹینڈ پر دستخط کئے جا چکے ہیں اور اس سلسلے میں پہلی قسط بھی ادا کی جا چکی ہے ۔

(جاری ہے)

ان طیاروں کی شمولیت جولائی 2014 سے شروع ہو گی۔

یہ طیارے دنیا کی معروف طیار ہ لیزنگ کمپنی GECAS سے لئے جا رہے ہیں۔پائلٹوں کی تربیت مارچ سے شروع ہو جائے گی جس میں انجینئر نگ کے افراد بھی شامل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ تیسرے مرحلے پر جیسا کہ چیئر مین پی آئی اے پہلے بتا چکے ہیں کہ ایئر لائن بزنس پلان کے مطابق 20 جدید کم گنجائش طیاروں کی خریداری کے آرڈر بھی دئے جائیں گے۔ پی آئی اے کے حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں اور جنوری میں 50 اضافی پروازیں شیڈول کی گئی ہیں جن میں سے 30 پروازیں چلائی جا چکی ہیں جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔

مینیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ ہم مارکیٹ کی طلب کے مطابق زیادہ سے زیادہ بزنس کے حصول کیلئے کوشاں ہیں گو کہ پچھلے سال میں مشکلات کا سامنا رہا لیکن ہم نے قومی ایئر لائن کی بحالی کیلئے دلیرانہ فیصلے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پائلٹ ، انجینئرز اور دوسری افرادی قوت دنیا میں بہترین کارکردگی کی حامل ہے۔وہ اپنی استداد کے مطابق وسائل کا بہترین استعمال کر رہے ہیں ۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہم بہت جلد اس مشکل صورتحال سے نکل آئیں گے، ہمارے وفادار مسافر ہم پر اعتماد کرتے ہیں کیونکہ ہم ایاٹاکی منظورشدہ ائر لائن ہونے کے ناطے محفوظ ترین فضائی سروس فراہم کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :