کراچی، فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 2 پولیس اہلکاروں اور سٹی وارڈن سمیت مزید 8 افراد جاں بحق ،رینجرز سے مقابلے میں بھی3 ملزمان ہلاک ہوگئے

بدھ 15 جنوری 2014 22:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 جنوری ۔2014ء) صدر مملکت کی کراچی میں موجودگی کے باوجود بدھ کو دہشت گرد سرگرم رہے، فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 2 پولیس اہلکاروں اور سٹی وارڈن سمیت مزید 8 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ رینجرز سے مقابلے میں بھی3 ملزمان ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں واقع سہراب گوٹھ ٹریفک سیکشن پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2ٹریفک پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال لایا جارہا تھا کہ وہ راستے ہی میں چل بسے۔

تاہم نامعلوم مسلح ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے ٹریفک سیکشن کے اندر گھس کر فائرنگ کی ہے۔ جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل ولی محمد اور سب انسپکٹر اللہ دتہ کے نام سے ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ جائے واردات پر پولیس کے اعلیٰ حکام پہنچ گئے اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

دوسری جانب میٹرک بورڈ آفس کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق عمران سٹی وارڈن تھا۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیاگیا۔ ادھر گلبہار کے علاقے میں کریکر حملے میں زخمی ہونے والے شاہنواز زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے بدھ کو گلبہار میں واقع نیشنل ماربل کے گودام پر کریکر سے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں شاہ نواز نامی ملازم شدید زخمی ہوگیا تھا جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔ اورنگی نمبر 4میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ چاکیواڑہ پولیس تھانے کی حدود میں واقع ولی ہال کے قریب بھی نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت نہ ہوسکی۔

اورنگی ٹاوٴن گلشن بہار میں پانی کے ٹینک سے 2 افراد کی لاشیں ملی ہیں، لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔لیاری میں واقع میمن سوسائٹی میں دو گروپوں میں تصادم کا سلسلہ جاری تھا کہ رینجرز علاقے میں پہنچ گئی، جس کے بعد جرائم پیشہ افراد اور رینجرز میں مقابلہ ہوا، مقابلے میں دانش قریشی اور زوہیب چیچو نامی ملزمان مارے گئے اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

ملزمان کا تعلق گینگ وار کے ملزم وصی لاکھو گروپ سے بتایا جاتا ہے۔ادھر برنس روڈ کے علاقے میں رینجرز کے اہلکاروں کا معمول کا گشت جاری تھا کہ اسی دوران ٹائر مارکیٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے رینجرز کی گاڑیوں پر فائرنگ کردی، رینجرز اہلکاروں نے شہریوں کی مدد سے ملزمان کا تعاقب کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور کو ہلاک اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے تاہم ملزمان کا تعلق جرائم پیشہ عناصر کے کس گروہ سے ہے اس سے متعلق کچھ معلوم نہیں ہوسکا۔

دوسری جانب ایس پی صدر کا کہنا ہے کہ واقعہ پولیس اور رینجرز کی مشترکہ اسنیپ چیکنگ پوائنٹ پر پیش آیا جہاں رینجرز اہلکاروں نے شک کی بنیاد پر ملزمان کو رکنے کے اشارہ کیا تاہم وہ نہیں رکے اور فائرنگ کرکے فرار ہونے کی کوشش کی جس پر اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔