سافٹ بال کنفیڈریشن ایشیاء نے فرسٹ ساؤتھ ویسٹ ایشیاء ویمنز سافٹ بال کپ کی میزبانی پاکستان کو دیدی

جمعرات 16 جنوری 2014 13:12

کوالالمپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16جنوری 2014ء) سافٹ بال کنفیڈریشن ایشیاء نے فرسٹ ساؤتھ ویسٹ ایشیاء ویمنز سافٹ بال کپ کی میزبانی پاکستان کو دے دی ہے۔ ایونٹ 10 سے13ستمبرتک کراچی میں ہوگا جس میں پاکستان، بھارت،ایران اور عراق کی ٹیمیں حصہ لیں گی ۔یہ فیصلہ ایس سی اے کی پریزیڈنٹ داتولوبینگ چو صدارت میں کوالالمپور میں ہونے والے تیسرے ایس سی اے ایگزیکٹیو کونسل کے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں ایس سی اے کی سیکرٹری جنرل سیلی سمیت ایشیاء کے 15ممالک کی سافٹ بال فیڈریشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پاکستانی وفد کے سربراہ آصف عظیم نے ٹورنامنٹ پاکستان میں کرانے کی پیشکش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ اس موقع پر عراق سافٹ بال فیڈریشن کے صدر علی بلداوی، ایران سافٹ بال ایسوسی ایشن کی نائب صدر منیزے حسینیہ،بھارتی سافٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر پراوین انوکرنے اپنی ٹیموں کی ایونٹ میں شرکت کی یقین دہانی بھی کرائی۔

بعدازاں آصف عظیم نے کہاکہ یہ ایونٹ پاکستان میں سافٹ بال کی ترقی اور فروغ کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا اور پہلی بار پاکستان سافٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کو اپنے ملک میں اپنے ہوم گراؤنڈ اور شائقین کے سامنے انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا موقع ملے گا۔

متعلقہ عنوان :