عالمی معیشت اہم موڑ پر ہے ،2014 میں معاشی شرح نمو زیادہ بہتر رہنے کی توقع ہے ،عالمی مالیاتی ادارہ

جمعرات 16 جنوری 2014 15:19

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16جنوری 2014ء) عالمی مالیاتی ادارے ورلڈ بینک نے کہا ہے کہ عالمی معیشت اہم موڑ پر ہے ،2014 میں معاشی شرح نمو زیادہ بہتر رہنے کی توقع ہے۔عالمی بینک کی عالمی معیشت سے متعلق رپورٹ کے مطابق امیر ممالک معاشی بحران کے بعد بالآخر معاشی بحران سے نکلتے نظر آ رہے ہیں ،عالمی بینک نے پیشن گوئی کی کہ رواں سال عالمی معیشت میں ترقی کی شرح 3.2 فیصد رہے گی جو گذشتہ سال 2.4 تھی، جبکہ ترقی پذیر ممالک میں ترقی کی شرح اس سے زیادہ بہتر رہے گی۔

ترقی پذیر ممالک میں رواں سال شرح نمو 5.3 رہے گی جو گذشتہ سال 4.8 تھی تاہم رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ امریکہ میں معاشی بہتری کے اقدامات واپس لیے جانے سے ترقی کے امکانات کمزور ہو سکتے ہیں۔امریکہ کے مرکزی بینک فیڈرل ریزرو نے پہلے ہی قرض پر دئیے گئے بانڈ خریدنے کے 85 ارب ڈالر کے ماہانہ پروگرام میں کمی کرنا شروع کی دی ہے اس کی وجہ سے تشویش پائی جاتی ہے کہ عالمی شرحِ سود میں اضافہ ہو سکتا ہے اور اس کی وجہ سے ترقی پذیر ملک میں رقوم جانے اور واپس آنے کا عمل متاثر ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

عالمی بینک نے خبردار کیا کہ معیشت کو سہارا دینے کے اقدامات ختم کیے جانے سے مارکیٹ میں عدم استحکام آتا ہے تو اس صورت میں ترقی پذیر ممالک کو’ بحران کے خطرے‘ کا سامنا ہو سکتا ہے۔عالمی بینک کے گروپ صدر جم یونگ کم کے مطابق ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک میں اقتصادی ترقی کی شرح میں اضافہ ہو گا لیکن عالمی معیشت میں بہتری کو خطرہ لاحق رہے گا۔

رپورٹ کے مطابق ترقی یافتہ ممالک کی کارکردگی میں بہتری کا عمل آ رہا ہے جو آنے والے ماہ میں کے دوران ترقی پذیر ممالک کی شرحِ نمو میں اضافے کا سبب بن گا۔ تاہم اب بھی ترقی پذیر ممالک کو غربت میں کمی کے اقدامات میں تیزی لانے کیلئے بنیادی ڈھانچے میں اصلاحات کرنا ہوں گی تاکہ نئی ملازمتیں پیدا ہوں، معاشی نظام مضبوط ہو اور سماجی تحفظ کے دائرے میں اضافہ ہو۔

متعلقہ عنوان :