سوئی گیس کمپنی نے اوگرا سے یکم جنوری سے قیمت میں7فیصد اضافہ کرنے کی اجازت طلب کر لی

جمعرات 16 جنوری 2014 15:58

سوئی گیس کمپنی نے اوگرا سے یکم جنوری سے قیمت میں7فیصد اضافہ کرنے کی ..

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16جنوری 2014ء) سوئی ناردرن نے آئل اینڈ گیس ریگو لیٹری اتھارٹی(اوگرا) سے یکم جنوری سے گیس کی قیمت میں7فیصد (96.80 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو)اضافہ کرنے کی اجازت طلب کر لی ۔ سو ئی گیس کمپنی کی چیف فنانشل آفیسر عظمی عادل نے اوگرا کے چیئرمین سعید اختر کے روبرو درخواست پیش کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کمپنی کو اس وقت 53ارب 42کروڑ50لاکھ روپے کے مالی خسارے کا سامنا ہے جس پر قابو پانے کے لئے گیس کی قیمت میں یکم جنوری2014سے96روپے80پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی اجازت دی جائے۔

انہوں نے بتایا کہ 2012-13اور2013-13 کی مالی ضروریات کے موخر کیسوں کا فیصلہ نہ ہونے، امریکی ڈالر کی قیمت بڑھنے سے کروڈ آئل اور فیول آئل کی قیمتوں میں اضافے اور مختلف گیس فیلڈز سے گیس سپلائی میں کمی کے باعث گیس کی قیمت میں اضافے کی اجازت دی جائے۔انہوں نے بتایا کہ کوہاٹ میں گرگری آئل فیلڈ سے بلوں کی عدم وصولی ،گیس چوری، بلک میٹرز کی بجائے انفرادی میٹرز لگانے، لیکج اور پیمائشی خرابی کی وجہ سے کمپنی کے یو ایف جی میں اضافہ ہو رہا ہے۔