فاٹا سیکرٹریٹ حکام ایف سی آر میں کی گئی اصلاحات سے متعلق قبائلی عوام کو شعور دلانے کیلئے مختلف ایجنسیوں کی سطح پر سیمینار کا انعقاد کریں،گورنرخیبرپختونخوا

جمعرات 16 جنوری 2014 20:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری ۔2014ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئرشوکت اللہ نے فاٹا سیکرٹریٹ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایف سی آر میں اب تک کی گئی اصلاحات سے متعلق قبائلی عوام کو شعور دلانے کیلئے مختلف ایجنسیوں کی سطح پر سیمینار کا انعقاد کریں اور مزید اصلاحات کیلئے فوری طور پر ایک مسودہ تیارکریں تاکہ اسے منظوری کیلئے صدرمملکت کو بھجوایاجاسکے۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں صدرمملکت ممنون حسین کے دورہ پشاور اور اعلانات کے تناظر میں ایک اعلی سطحی اجلاس اور فاٹاریفارمز و ایف سی آر میں ترامیم سے متعلق بریفنگ کے موقع پر اظہارخیال کررہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا ارباب محمدعارف، چیئرمین فاٹاٹریبونل شاہ ولی خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر کو ایف سی آر میں مزید مجوزہ ترامیم کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

گورنرنے ہدایت کی کہ اس حوالے سے غیرسرکاری سطح پر ہونے والے کام کا بھی جائزہ لیاجائے اور انہیں بھی مشاورت میں شریک کیاجائے تاکہ اصلاحات میں بہتری لائی جاسکے۔ گورنرنے فاٹا ٹریبونل کو مزید بااختیار اور عوام دوست بنانے کیلئے بعض تجاویز کاجائزہ لینے اور اس میں فاٹا کے عوام کے مفادات کاتحفظ یقینی بنانے پر زوردیا۔