پنجاب حکومت نے بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے شہری کی بیوہ کو تین لاکھ روپے کی امداد کا چیک جاری کردیا

جمعرات 16 جنوری 2014 20:27

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری ۔2014ء) پنجاب حکومت نے بھارتی فائرنگ وگولہ باری سے شہید ہونے والے شہری کی بیوہ کو تین لاکھ روپے کی امداد کا چیک جاری کردیا ہے ۔سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری لائن پرواقع پاکستانی سرحدی دیہات جوئیاں میں چندماہ قبل بھارتی فائرنگ وگولہ باری سے شہزاد شہید ہوگیا تھا جس کی بیوہ آسیہ بی بی کو پنجاب حکومت نے تین لاکھ روپے کی امداد کا چیک جاری کردیا ہے ۔

گاؤں میں ہونے والی تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری طارق سبحانی نے پنجاب حکومت کا جاری کردہ چیک بیوہ آسیہ بی بی کے حوالے کیا۔ انہوں نے اس موقعہ پر کہا کہ شہید کی جو موت سے وہ قوم کی حیات ہے ۔ انہوں نے شہید کی بیوی اور لواحقین کی امداداپنی جیب سے جاری رکھنے کا اعلان کیااورکہا کہ وہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے خصوصی طور پر شہید شہزاد کے والدین کے دکھ میں برابر کے شریک ہو کران کی بھی مالی امداد دینے کی درخواست کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

معززین علاقہ حاجی عبدالعزیز وینس،چوہدری طاہر احمد جوئیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید کے لواحقین اور انکے بچوں کی پرورش اور تعلیم و تربیت کیلئے مالی امداد کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔بعد ازاں رکن صوبائی اسمبلی چوہدری طارق سبحانی اور معززین علاقہ کی کثیر تعداد نے شہید شہزاد کے لواحقین کے گھر جا کر فاتحہ خوانی کی۔

متعلقہ عنوان :