پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری کی پشاور کی مسجد میں بم دھماکے کی مذمت، دہشت گردی کی یہ سفاکانہ کارروائی کرنے والے نہ صرف ملک بلکہ اسلام کے بھی دشمن ہیں،بلاول بھٹو زرداری

جمعرات 16 جنوری 2014 21:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری ۔2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے پشاور کی مسجد میں بم دھماکے کی مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کی یہ سفاکانہ کارروائی کرنے والے نہ صرف ملک بلکہ اسلام کے بھی دشمن ہیں۔

اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری دھرتی کے ایک ایک انچ پر حملہ کیا گیا، ہمارے مقدس مقامات، ہماری زندگیوں اور ہماری عزت پر حملے کیے گئے۔ تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہونا پڑے گا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے ایک مشترکہ حکمت عملی وضع کرنا ہوگی۔ بلاول بھٹو زرداری نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور ان کے غمزدہ لواحقین کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔ انہوں نے زخمیوں کی بروقت اور مناسب طبی امداد کے لیے خصوصی اقدامات کرنے پر زور دیا۔