پشاور بم دھماکہ قابل مذمت، فوج اور حکومت حتمی فیصلہ کرلیں ، الطاف حسین

جمعرات 16 جنوری 2014 21:28

پشاور بم دھماکہ قابل مذمت، فوج اور حکومت حتمی فیصلہ کرلیں ، الطاف حسین

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16جنوری۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں واقع تبلیغی مرکز کے اندربم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے میں نمازمغرب کی ادائیگی میں مصروف متعدد نمازیوں کے شہید وزخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

ایک بیان میں الطاف حسین تبلیغی مرکز میں بارودی دھماکہ کے ذمہ دار طالبان دہشت گردوں کی دہشت گردیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ طالبان دہشت گردوں کے ہاتھوں پاکستان کے معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کے روزمرہ واقعات پر حکومت اور مسلح افواج کب تک خاموش تماشائی بنی رہیں گی؟ اب وقت آگیا ہے کہ اگر حکومت اور مسلح افواج نے ایک ہفتہ کے اندراندر معصوم شہریوں کوخاک وخون میں نہلانے والے ان دہشت گردوں سے نمٹنے کاکوئی حتمی فیصلہ کرلیں کیونکہ اگر وہ اب بھی کوئی فیصلہ نہیں کرسکیں تو شائد پھر وہ کبھی بھی نہیں کرسکیں گی ۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے کہاکہ جو سیاسی رہنماء اور جماعتیں سفاک طالبان دہشت گرد وں کی جانب سے مساجد میں نماز پڑھتے ہوئے نمازیوں ، امام بارگاہوں، بزرگان دین کے مزارات، غیرمسلموں کی عبادت گاہوں ، بچیوں کے اسکولوں یا مخصوص سیاسی ومذہبی جماعتوں کے جلسوں میں بم دھماکوں کے عمل پر طالبان کی حمایت کرتی ہیں ، انہیں مسلمان اور پاکستانی بھائی قراردیتی ہیں ایسے سیاسی ومذہبی رہنما اور جماعتیں بھی طالبان دہشت گردوں کے ہاتھوں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں میں برابر کی شریک ہیں ،اب قوم کو اب جاگنا ہوگا اور طالبان کے حمایتی لیڈروں اور سیاسی جماعتوں کا سوشل بائیکاٹ کرنا ہوگا ورنہ کل دہشت گردی کی یہ آگ کسی کے گھر میں بھی لگ سکتی ہے اور اس کاشکارکسی کے بھی والدین، بہن بھائی یا دیگر اہل خانہ بن سکتے ہیں ۔

آخر میں الطاف حسین نے نماز پڑھتے ہوئے نمازیوں کی شہادتوں پرتبلیغی مرکز کے رہنماوٴں سے دلی تعزیت کااظہارکرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کو اپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، سوگوارلواحقین اور تبلیغی جماعت کے رہنماوٴں کوصبرجمیل عطا کرے اور بم دھماکے میں زخمی ہونے والے نمازیوں کوصحت کاملہ وعاجلہ عطا فرمائے ۔(آمین)