فلسطینی قیدیوں کی جانب سے اسرائیلیوں کے اغوا کا منصوبہ ناکام بنادیا، الشاباک

جمعہ 17 جنوری 2014 14:53

نابلس (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جنوری 2014ء) اسرائیل میں داخلی سلامتی کے ادارے الشاباک نے فلسطینی قیدیوں کی جانب سے اسرائیلیوں کے اغوا کا ایک منصوبہ ناکام بنانے کا دعوی کیا ہے۔ یرغمال اسرائیلیوں کی رہائی کے بدلے فلسطینی اپنے قیدی رہا کروانا چاہتے تھے۔ مرکز اطلاعات فلسطین نے الشاباک کی جاری کردہ معلومات کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اسرائیل نے دعوی کیا ہے کہ منصوبے کا ماسٹر مائنڈ غزہ کی الزیتون کالونی کا 24 سالہ نوجوان عماد محمد البل ہے جس نے مغربی کنارے میں رہائی پانے والے دو فلسطینیوں کو اس مقصد کیلئے بھرتی کیا۔

الشاباک کے مطابق اغوا کا منصوبہ منکشف ہونے کے بعد گرفتار کئے جانے والے تینوں فلسطینیوں نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ وہ اسرائیلیوں کے اغواء کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانا چاہتے تھے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی چینل نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ تینوں فلسطینیوں کو صہیونی شہریوں کے اغوا کی ہدایت المجاہدین بریگیڈ کی ہائی کمان نے دی تھی۔ محمد البل اسی تنظیم کا غزہ کی پٹی میں رابطہ کار کی خدمات سرانجام دیتا تھا۔

صہیونی چینل کے مطابق المجاہدین بریگیڈ کا قیام دراصل شہداء اقصی بریگیڈ سے علیحدگی کے نیتجے میں عمل میں آیا۔ اسلامی نظریات کے حامل اس گروہ کو مبینہ طور پر حماس کا ہم خیال سمجھا جاتا ہے۔ اسرائیلی ٹی وی کے مطابق اغوا منصوبے کے الزام میں گرفتار ہونے والے تینوں فلسطینیوں پر بئر السبع کی ضلعی عدالت میں فرد جرم عائد کی جائیگی۔ ان پر کالعدم تنظیموں کی رکنیت اور غیر قانونی سرگرمیوں میں شرکت اور مجرمانہ سرگرمیوں کیلئے غیر ملکی ایجنٹوں سے رابطے کا الزام ہے۔

متعلقہ عنوان :