سینیٹ اجلاس ،اپوزیشن کا وزراء کی نا اہلی، ایوان کو سنجیدہ نہ لینے اور ضمنی سوالات کے درست جوابات نہ دینے پر شدید احتجاج ،علامتی واک آؤٹ

جمعہ 17 جنوری 2014 15:38

سینیٹ اجلاس ،اپوزیشن کا وزراء کی نا اہلی، ایوان کو سنجیدہ نہ لینے اور ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جنوری 2014ء) سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن نے وزراء کی نا اہلی، ایوان کو سنجیدہ نہ لینے اور ضمنی سوالات کے درست جوابات نہ دینے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اجلاس سے علامتی واک آؤٹ کیا ، ایم کیو ایم نے بھی اپوزیشن کا ساتھ دیا جبکہ قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے حکومت کو متنبہ کیا کہ وہ وفاقی وزراء کو ہدایت دے کہ ضمنی سوالات کے درست جواب دیں اور مکمل تیاری کر کے ایوان میں آئیں، اگر وزراء اسی طرح آتے رہے تو اجلاس میں شرکت کرنا مجبوری نہیں سمجھیں گے اور پھر ایوان سے باہر اجلاس کا انعقاد کرنے پر مجبور ہونگے۔

جمعہ کو سینیٹ کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے وفاقی وزراء کی طرف سے غیر تسلی بخش جوابات پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر کے پاس تمام ضمنی سوالات کا جواب ہونا چاہئے جب ہم وزیر تھے تو ساری رات تیاری کرتے تھے، ہمیں یہاں وفاقی وزراء لیکچر دے رہے ہیں لیکچر سننے کیلئے نہیں آئے، گزشتہ روز بھی حکومت سے کہا تھا کہ وہ اپنے وزراء کو ہدایت دیں کہ ایوان میں تیاری کے ساتھ ہیں ورنہ واک آؤٹ کرینگے جس پر قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے یقین دہانی کرائی تھی لیکن آج بھی وفاقی وزیر غیر تسلی بخش جوابات دے رہے ہیں ، اگر وزراء اسی طرح بغیر تیاری کے ایوان میں آتے رہے تو ہم اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے خود کو مجبور نہیں سمجھیں گے اور ماضی کی طرح اجلاس کا انعقاد باہر کرینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزراء تیاری کر کے نہیں آتے اور نہ ہی وزیراعظم ایوان میں آتے ہیں، وزیر داخلہ چودھری نثار بھی ایوان سے بھاگ گئے ہیں ان کے وزیر نا اہل ہیں کام نہیں کرتے ، ایوان کو سنجیدگی سے نہیں لیتے اور ضمنی سوالات کے بھی جواب نہیں دیتے جس پر ایوان سے اپوزیشن احتجاجا علامتی واک آؤٹ کرتی ہے جس کے بعد اپوزیشن واک آؤٹ کر کے چلی گئی ، اس موقع پر ایم کیو ایم کے سینیٹرز نے بھی اپوزیشن کا ساتھ دیا، بعد ازاں چیئرمین سینیٹ کی ہدایت پر وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید اپوزیشن کو منا کر واپس لائے اس موقع پر قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ وفاقی وزراء تیاری کر کے نہیں آتے اور نہ ہی میں ایسے کہہ سکتا ہوں ، اراکین ایسے ضمنی سوالات کرتے ہیں جن کا سوال سے تعلق ہی نہیں ہوتا۔

متعلقہ عنوان :