سال 2013 ء میں ٹریفک وارڈنز کیخلاف 309 شکایات میں59درست ثابت ہوئیں‘ سی ٹی او لاہور

جمعہ 17 جنوری 2014 16:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جنوری 2014ء) چیف ٹریفک آفیسر لاہورسہیل چوہدری نے کہا کہ سال 2013کے دوران ٹریفک وارڈنز کیخلاف مجموعی طور پر309 شہریوں نے درخواستیں دیں،جن میں کرپشن کی17شکایت،غلط کوڈ لگا کرچالان کر نے کی133،ناروا سلوک کی90 اورلڑائی جھگڑے کی69شکایات موصول ہوئیں۔دورن انکوائری کرپشن کی01درخواست درست ثابت ہو ئی،غلط کوڈ لگا کرچالان کرنے کی07،نارواسلوک کی 46اورلڑائی جھگڑے کی07 درخواستیں درست ثابت ہوئیں۔

انکوائری کے بعد قصوروار ٹھہرنے والے59 اہلکاروں کیخلاف محکمانہ کاروائی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک وارڈنز کی کارکردگی کی خفیہ مانیٹرنگ کیلئے سی ٹی او آفس میں"کمپلینٹ اینڈ ویجیلنس سیل" قائم کیا گیا ہے۔ویجیلینس سیل ٹریفک وارڈنز کی کارکردگی پر خفیہ نظر رکھے ہوئے ہے،ویجیلینس سیل کو کیمرے اور دیگر جدید آلات فراہم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ ٹریفک وارڈنز کو ہدایات کیں گئیں ہیں کہ دوران ڈیوٹی شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی شہری کو سٹی ٹریفک پولیس لاہور کے کسی بھی اہلکار سے بد تمیزی اور ناروا سلوک کی شکایت ہے تووہ براہ راست اپنی شکایت لے کر میرا پاس آ سکتا ہے۔شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائیگا اور قصوروار اہلکاروں کیخلاف سخت سے سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :