مارچ سے تمام سکولوں میں یکساں نصاب تعلیم نافذ ہوجائیگا، تعلیم کے شعبے میں صوبائی حکومت کے تاریخی اقدام سے حقیقی تبدیلی آئیگی، پرویز خٹک،انگریزوں کے رائج کردہ فرسودہ نظام تعلیم کا خاتمہ ہو نے سے معاشرے میں امیر و غریب کے درمیان فرق مٹے گا ،دونوں طرح کے بچوں کو ترقی کے یکساں مواقع ملیں گے ، وزیراعلی خیبرپختونخوا کی وفدسے بات چیت

جمعہ 17 جنوری 2014 20:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری ۔2014ء) خیبرپختونخواکے وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے مارچ سے صوبے کے تمام سکولوں میں یکساں نصاب تعلیم نافذ کرنے کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں تعلیم کے شعبے میں صوبائی حکومت کے اس تاریخی اقدام سے حقیقی تبدیلی آئے گی انگریزوں کے رائج کردہ فرسودہ نظام تعلیم کا خاتمہ ہو جائے گا اور معاشرے میں امیر و غریب کے درمیان فرق مٹ جائے اور دونوں طرح کے بچوں کو ترقی کے یکساں مواقع مل جائیں گے انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے اس انقلابی اقدام کا سب سے زیادہ فائدہ صوبے کے پسماندہ علاقوں کے طلباء کو پہنچے گا جو موجودہ دوہرے نظام تعلیم کی وجہ سے مسابقت کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتے تھے اب وہ اپنی محنت اور لگن کے بل بوتے پر شہری علاقوں کے طلباء کا آسانی سے مقابلہ کر سکیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں اتحادی پارٹی جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی کے ایک وفد سے با ت چیت کرتے ہوئے کیا جس نے ممبر صوبائی اسمبلی ملک بہرام خان کی قیادت میں ان سے پشاورمیں ملاقات کی اور اپنے حلقہ ہائے نیابت کے عوامی مسائل اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق معاملات پران سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا وفد کے دیگر ارکان میں صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ، سابقہ ایم این اے مولانا اسد اللہ، ممبران صوبائی اسمبلی محمد علی، مظفر سید اور سید گل شامل تھے وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ عنقریب صوبے کے تمام اضلاع میں بلاامتیاز ترقیاتی سکیمیں شروع کی جارہی ہیں اس سلسلے میں کسی بھی علاقے کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں برتا جائے گا تاہم انہوں نے کہاکہ صوبے کے پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں کے لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پرمنصوبے شروع کئے جارہے ہیں اور انہیں دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لایا جائے گا انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹیوں کے چیئرمینوں کی تقرری کا عمل مکمل کیاجارہاہے اور ان کمیٹیوں کوزیادہ فعال بھی کیاجارہا ہے جس کی بدولت اضلاع کی سطح پر ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز ہو جائے گاوفد کی نشاندہی اور مطالبے پر وزیراعلیٰ نے دیر بالا میں خال کے مقام پر دریائے پنجگوڑہ پرساڑھے چھ کروڑروپے کی لاگت سے معلق پل کی تعمیرنو کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس پر ایک مہینے کے اندر کام شروع کرنے کی ہدایت کی یاد رہے کہ مذکورہ پل گزشتہ سیلاب میں دریابرد ہو گیا تھا جس کی وجہ سے دریا کے دونوں اطراف آباد کئی دیہات کی تیس ہزار کے قریب آبادی کو آمد و رفت کے سلسلے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے وزیراعلیٰ نے وفد کو مزید یقین دلایا کہ تمام حلقوں میں ترقیاتی کام نہ صرف جلدشروع کئے جائیں گے بلکہ ان کی بروقت تکمیل اور کام کے معیار کو بھی ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے گاوفدنے انکے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پر وزیراعلیٰ کاشکریہ اداکیا اوریقین دلایاکہ عوامی مسائل کے ازالے سے تمام اتحادی سیاسی جماعتیں جذبہ قربانی کے ساتھ قدم آگے بڑھائیں گی۔