خضدار ، زیدی میں فرنٹیئر کور بلوچستان اور سول انتظامیہ کی مغویوں کی بازیابی کیلئے مشترکہ سرچ آپریشن ، اغواء کاروں کیساتھ جھڑپ میں 3اغواء کار ہلاک، 5گرفتار ،3ایف سی اہلکار زخمی،ترجمان ایف سی

جمعہ 17 جنوری 2014 20:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری ۔2014ء) خضدار کے علاقے زیدی میں فرنٹیئر کور بلوچستان اور سول انتظامیہ کی مغویوں کی بازیابی کیلئے مشترکہ سرچ آپریشن کارروائی کے دوران دونوں جانب سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3اغواء کار ہلاک 5گرفتار جبکہ فرنٹیئر کے 3اہلکار زخمی ہوئے تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کی ہدایت پر مورخہ 15جنوری کو خضدار کے علاقے زیدی میں فرنٹیئر کور بلوچستان پولیس اور لیویز نے مسلح اغواء کاروں اور جرائم پیشہ افراد کے سرغنہ کے خلاف سرچ آپریشن شروع کیا جس کے دوران ایک مکان میں چھپے ہوئے اغواء کاروں نے اچانک فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں ایف سی کا ایک آفیسر اور 2جوان زخمی ہوگئے نتیجاً فرنٹیئر کور بلوچستان اور سول انتظامیہ نے بھر پور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 3شرپسندوں کو موقع پر ہلاک اور 5کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کرلیا برآمد کئے جانے والے اسلحہ میں 4عدد ایس ایم جی بمعہ 4میگرین اور 389راؤنڈز 3عد د رائفلز بمعہ راؤنڈز 1عدد راکٹ لانچر شیل اور شراب کی بوتلیں شامل ہیں جبکہ اغواء کاروں کا سرغنہ رسول بخش اور اسکے دیگر ساتھی ہمسایوں کے گھروں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے گرفتار افراد اور برآمد ہونے والے اسلحہ کو مزید کارروائی کیلئے سوال انتظامیہ خضدار کے حوالے کیا گیا واضح رہے کہ اغواء کاروں کے سرغنہ رسول بخش اور اسکے ساتھی اغواء برائے تاوان ڈکیتی رہزنی غیر قانونی اسلحہ کی لین دین اوردیگر جرائم کی وارداتوں میں سول انتظامیہ کو مطلوب ہیں آئی جی ایف سی میجر جنرل محمد اعجاز شاہد نے ایف سی کی جانب سے بھر پور اور کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہاکہ فرنٹیئر کور بلوچستان کا والین مقصد انتظامیہ کیساتھ ملکر عوام کی جان ومال کی تحفظ اور علاقے میں امن وامان کا قیام ہے انہوں نے مزید کہاکہ فرنٹیئر کور بلوچستان دہشت گرد ملک دشمن عناصر اور جرائم پیشہ عناصر جو بلوچستان میں بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا حوصلہ اور صلاحیت رکھتی ہے ۔