Live Updates

دوسروں کو دھمکیاں دینا عمران خان کے چیلوں کا وطیرہ ہے‘ رانا ثناء اللہ،عمران خان لاہور اوراسلام آباد میں بیٹھ کر باتیں کرنے کی بجائے خیبرپختونخوا کے عوام کی خدمت کریں

جمعہ 17 جنوری 2014 20:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری ۔2014ء) صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ دوسروں کو دھمکیاں دینا عمران خان کے چیلوں کا وطیرہ بن چکا ہے ،عمران خان کو خیبرپختونخوا میں امن و امان کے حوالے سے کوئی پروا نہیں بلکہ عمران خان کو دھاندلی کا بخار چڑھا ہوا ہے۔ عمران اپنے گریبان میں جھانکیں‘ کیا ان کا اپنا امیدوار ہری پور میں دھاندلی کا مرتکب نہیں پایا گیا؟عام انتخابات میں شکست کے بعد وہ حواس باختہ ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان صرف سیاست میں زندہ رہنے کے لئے ایسی بیان بازی کا سہارا لیتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کو بتائیں کہ انہوں نے خیبرپختونخوا میں وہاں کے لوگوں کے لئے کیا کچھ کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان لاہور اور اسلام آباد میں بیٹھ کر باتیں کرنے کی بجائے خیبرپختونخوا میں عوام کی خدمت کریں اور جس تبدیلی کا عوام سے وعدہ کیا تھا‘ اسے پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اس طرح کے واویلے پر یقین نہیں رکھتے وہ صرف مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا عمران خان یہ بتانا پسند کریں گے کہ وہ طارق ملک کی طرح لوگوں کو ایک سال میں ترقی دے دیا کریں گے؟ ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات