Live Updates

سرکاری افسران اپنی کارکردگی بہتر بنائیں، کام چوروں، کرپٹ عناصر اور تاخیری حربے استعمال کرنیوالوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائیگا، محمود خان،پی ٹی آئی اپنے منشور کے مطابق عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا ،تمام شعبوں میں مثبت تبدیلیاں لانے کے عزم کو عملی جامہ پہنائیگی،وزیر سیاحت خیبرپختونخوا

جمعہ 17 جنوری 2014 20:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے سیاحت، کھیل،میوزیم و آثار قدیمہ اور امورنوجوانان محمود خان نے اپنے زیر نگران محکموں کے افسروں اور اہلکاروں سے کہا ہے کہ وہ پندرہ دن کے اندر اندر اپنی کارکردگی بہتر بنائیں بصورت دیگر سرکاری فرائض کی انجام دہی میں عدم دلچسپی لینے، تاخیری حربے استعمال کرنے اور کام چوروں سمیت کرپٹ عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے منشور اور قائد کے وژن کے مطابق گزشتہ عام انتخابات کے موقع پر عوام سے کئے گئے وعدوں اور تمام شعبوں میں مثبت تبدیلیاں لانے کے عزم کو عملی جامہ پہنائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹورازم ہال پشاور میں اپنے محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری سپورٹس و سیاحت خیبر پختونخوا احمدحسن، ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس جمال تاثیر، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس طارق محمود،ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی ڈاکٹر نسیم، ایم ڈی ٹوارزم ڈیپارٹمنٹ مشتاق احمد کے علاوہ دیگر متعلقین بھی موجود تھے۔

اجلاس میں محکمہ سپورٹس کے زیر اہتمام جاری منصوبوں جن میں قیوم سپورٹس سٹیڈیم،مردان سوئمنگ پول، حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پر تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اسی طرح سیاحت اور آرکیالوجی کے زیر اہتمام جاری منصوبوں پر بھی سیر حاصل بحث ہوئی ۔صوبائی وزیر نے افسران کی مجموعی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔انہوں نے افسران اور اہلکاروں کو سختی سے تنبیہ کی ہے کہ وہ اپنے فرائض منصبی پوری ایمانداری، خلوص نیت اور قومی جذبے سے سرشار ہو کر انجام دیں اور محکموں کی نیک نامی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات