زراعت کو جدید اور سائنسی بنیادوں پر استوار کر کے غربت کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ، صوبائی حکومت زمینداروں کی مشکلات اور بجلی بحران کے باعث زراعت کی تباہی سے متعلق بخوبی آگاہ ہے،بحران پر دادو، خضدار اور ڈی جی خان ،لورالائی ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل کے بغیر قابو پانا ممکن نہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان

جمعہ 17 جنوری 2014 20:59

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری ۔2014ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ صوبے میں زراعت کو جدید اور سائنسی بنیادوں پر استوار کر کے غربت کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے زمیندار ایکشن کمیٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وفد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو زمینداروں کی مشکلات ، مسائل اور بجلی بحران میں پیدا شدہ صورتحال سے آگاہ کیا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ صوبائی حکومت زمینداروں کی مشکلات اور بجلی بحران کے باعث زراعت کی تباہی سے متعلق بخوبی آگاہ ہے اوربحران پر دادو۔

خضدار اور ڈی جی خان ۔لورالائی ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل کے بغیر قابو پانا ممکن نہیں، انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں گذشتہ 6ماہ سے این ٹی ڈی سی کے ساتھ ماہوار بنیادوں پر دونوں لائنوں کی تکمیل اور کام کی رفتار سے متعلق اجلاس منعقد کئے جا رہے ہیں، اور اب این ٹی ڈی سی نے صوبائی حکومت کو اپریل تک ٹرانسمیشن لائنوں کی تکمیل کی تحریری طور پر یقین دہانی کرائی ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت کو بھی بلوچستان میں بجلی بحران کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے، انہوں نے دونوں ٹرانسمیشن لائنوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لیے زمیندار ایکشن کمیٹی کو کہا کہ وہ اپنی کمیٹی بنا کر اس ضمن میں رپورٹ پیش کریں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے زمیندار ایکشن کمیٹی کے 28جنوری کے سیمینار میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے انہیں باور کروایا کہ زراعت کے شعبے کی اہمیت اور افادیت کے مطابق صوبائی حکومت اقدامات کرے گی، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ زمیندار زرعی شعبے کی ترقی کے لیے صوبائی حکومت کی معاونت کریں، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انار، انگور، زیتون ، سیب و دیگر فروٹ و اجناس کی نئی اقسام اور زیادہ پیداوار کے لیے زمیندار منصوبے تجویز کریں، انہوں نے کہا کہ نرسریاں لگا کر زمینداروں کو مفت درخت دئیے جائیں گے ، انہوں نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ ٹھوس منصوبے بنائیں جائیں روایتی سست روی سے زراعت کا شعبہ ترقی نہیں کر سکتا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 5ارب مالیت سے 200بلڈوزر ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کی نگرانی میں نہایت شفاف طریقے سے خریدے جائیں گے۔

اس موقع پر صوبائی مشیر خزانہ میر خالد لانگو بھی موجود تھے۔