Live Updates

عمران خان نے عالمی ادارہ صحت کی پولیو وائرس کے حوالے سے رپورٹ کانوٹس لے لیا،وزیراعلی اور صوبائی وزیرصحت کوفوری اقدامات اٹھانے کی ہدایات، صرف پولیو ہی نہیں بچوں کی تمام بیماریوں کے تدارک کیلئے فوری اقدامات ناگزیر ہیں، صوبائی حکومت ہنگامی منصوبہ بندی کرے،سربراہ تحریک انصاف

جمعہ 17 جنوری 2014 21:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عالمی ادارہ صحت کی پشاور میں پولیو وائرس کے حوالے سے جاری کردہ رپورٹ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلی خیبر پختونخواہ اور صوبائی وزیرصحت کوفوری اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اسلام آباد سے جاری اعلامیے کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ صرف پولیو ہی نہیں بلکہ بچوں کی تمام بیماریوں کے تدارک کیلئے فوری اقدامات ناگزیر ہیں جس کیلئے صوبائی حکومت ہنگامی منصوبہ بندی کرے۔

عالمی ادارہ صحت کے میڈیا بیان جس میں پشاور کو پولیو وائرس کا سب سے بڑا مرکز قرار دیا ہے کا حوالہ دیتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے شہر سے پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے صوبائی حکومت کو اقدامات اٹھانے کی ہدایات کی ۔

(جاری ہے)

وزیراعلی خیبر پختونخواہ اور صوبائی وزیرصحت سے رابطے کے دوران چیئرمین تحریک انصاف نے صوبائی حکومت کو صوبائی توسیعی پروگرام برائے ٹیکہ جات کے زیر اہتمام بچوں کی تمام نو بیماریوں جن میں سے ایک پولیو بھی ہے کے تدارک کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ۔

وزیراعلی خیبرپختونخواہ نے اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف کو صحت کے عالمی معیارات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ بچوں کی تمام 9بیماریوں بشمول پولیو سے بچانے کیلئے Immunization(حفاظتی ٹیکہ جات یا بیماریوں سے بچاؤ )کے روایتی طریقوں میں بہتری لانا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خیبر پختونخواہ حکومت پاکستان تحریک انصاف کے پالیسی ریفارم یونٹ کے ساتھ اپنے اشتراک میں پشاور میں بچوں کی صحت کو بہتر بنانے کے ایک خصوصی پروگرام پر کام کر رہی ہے اور آئندہ دد روز میں مکمل منصوبہ چیئرمین کی خدمت میں پیش کر دیا جائے گا جس کی نقول میڈیا کو بھی فراہم کی جائیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ایسے میں جبکہ بچپن میں لگنے والی بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہو ہم اپنی آئندہ نسلوں کی زندگیوں سے نہیں کھیل سکتے ۔ بچوں کی Immunization(حفاظتی ٹیکہ جات یا بیماریوں سے بچاؤ )کے حوالے سے گزشتہ حکومتوں کا غفلت پر مبنی رویہ انتہائی مجرمانہ ہے جس کی وجہ سے ہمارے بچوں کی بہبود خطرے میں ہے اور ہماری بین الاقوامی ساکھ داؤ پر ہے۔

چنانچہ خیبر پختونخواہ حکومت ہنگامی بنیادوں پر بچوں کو تمام بیماریوں خصوصاً پولیو سے بچانے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو حفاظتی ٹیکہ جات کی اہمیت سے آگاہ کرنے اور انہیں صحت مند اور معذور بچے کے درمیان فرق بتانے کی شدید ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پولیو سمیت تمام قابل علاج بیماریوں کے خلاف جنگ کرنے کی اشد ضرورت ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی ناکامی ناقابل قبول ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات