بحری محاذ پر درپیش چیلنجز کے باعث آپریشنل تیاری اولین ترجیح ہے، ایڈمرل آصف سندیلہ، گوادر پورٹ ملکی معیشت کے فروغ کیلئے نہایت اہم ہے،گوادر کو آپریشنل بندرگاہ بنانے کیلئے پاک بحریہ ہر ممکن مدد فراہم کریگی،چیف آف نیول سٹاف

جمعہ 17 جنوری 2014 21:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری ۔2014ء)چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد آصف سندیلہ نے جمعہ کو پسنی ، گوادراور اورماڑہ کے ساحلی علاقوں میں پاک بحریہ کی فارورڈ بیسز اور تنصیبات کا دورہ کیا۔ کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل عارف اللہ حسینی نیول چیف کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر نیول چیف کو پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری اور آواران کے حالیہ زلزلے کے دوران پاکستان نیوی کی امدادی کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

بعد ازیں چیف آف نیول اسٹاف نے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی اور ملک کے ساحلی دفاع کے حوالے سے ساحلی یونٹس اور سمندرمیں تعینات دستوں کی آپریشنل تیاری کو سراہا۔ انہوں نے ساحلی علاقوں کی حفاظت کیلئے وہاں موجود مختلف عملے کے مابین باہمی ربط اور تعاون پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بحری محاذ پر درپیش چیلنجز کے باعث آپریشنل تیاری ہماری اولین ترجیح ہے۔ گوادر پورٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ یہ ملکی معیشت کے فروغ کیلئے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گوادر کو ایک آپریشنل بندرگاہ بنانے کے لئے پاک بحریہ ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔