کراچی،معروف عالم دین مفتی عثمان یار خان نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے اپنے دو ساتھیوں سمیت شہید

جمعہ 17 جنوری 2014 23:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری ۔2014ء) کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل پر معروف عالم دین اور جمعیت علماء اسلام (س) سندھ کے سیکریٹری جنرل مفتی عثمان یار خان نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے اپنے دو ساتھیوں سمیت شہید ہوگئے۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے دہشت گردی کے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کی شام نامعلوم موٹر سائیکل مسلح ملزمان نے شاہراہ فیصل پر واقع عوامی مرکز اور لال قلعہ ہوٹل کے قریب سے گزرنے والی کار ٹویوٹا کرولا نمبر AXU-054 پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ جس کے نتیجے میں کار میں سوار چار افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ جن میں سے تین افراد راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں جن کی شناخت جمعیت علماء اسلام (س) سندھ کے سیکریٹری جنرل مفتی عثمان یار خان، محمد علی اور رفیق کے نام سے کی گئی۔ دیگر ساتھیوں کا تعلق بھی جمعیت علماء اسلام (س) سے ہی تھا جبکہ زخمی ہونے والے شخص کی شناخت زاہد سعد اقبال کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی اور نعشوں کو جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق مفتی عثمان یار خان تنظیمی دورے کے بعد اپنے گھر جارہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے اپنے دو ساتھیوں سمیت جاں بحق ہوگئے۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے شاہراہ فیصل پردہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں جمعیت علمائے اسلام(س)سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا عثمان یار خان اور ان کے دیگرساتھیوں کی شہادت پر گہرے رنج وغم کااظہار کیا ہے اور واقعے کی آئی جی سندھ پولیس سے فوری طور رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ انہوں نے آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ شہرمیں پولیس کی پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے اور انٹیلی جنس نیٹ ورک کو زیادہ موثربنایاجائے تاکہ ایسے واقعات کا تدارک کیا جاسکے۔

وزیراعلیٰ نے مرحومین کے اہل خانہ اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہاکہ دہشت گردی کے اس واقعے میں ملوث افرادکو کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے تمام وسائل کوبروئے کارلایا جائے گا۔علاوہ ازیں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے دہشت گردی کے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کراچی کے امیر قاری محمد عثمان نے شاہراہ فیصل پر مفتی عثمان یار خان اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے نام پر کراچی میں کیا جانے والا آپریشن ناکام ہوگیا ہے اور دہشت گردی کی وارداتیں تاحال جاری ہیں۔

متعلقہ عنوان :