وزیراعظم محمد نواز شریف کی موجودہ حکومت نے پاکستان میں اسلامی بینکاری کے فروغ کا تہیہ کر رکھا ہے ،مریم نواز ،نوجوان تاجروں میں اسلامی طریقوں سے قرضوں کے حصول کے بارے میں بہتر سمجھ بوجھ پیدا ہوگی ،اجلاس سے خطاب ،ملک میں اسلامی بینکاری کی صنعت میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے ،ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ میزان بینک

جمعہ 17 جنوری 2014 23:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری ۔2014ء) وزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم کی چیئرپرسن مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی موجودہ حکومت نے پاکستان میں اسلامی بینکاری کے فروغ کا تہیہ کر رکھا ہے وہ جمعہ کو یہاں وزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم کے قرضہ جات کیلئے اسلامی طریقہ کار اختیار کرنے سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہی تھیں انہوں نے کہاکہ وزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم کیلئے اسلامی طریقے سے قرضوں کی فراہمی سے ان افراد کو بھی قرضہ حاصل کرنے کا موقع فراہم ہوگا جو سودی نظام کے تحت قرضہ نہیں لینا چاہتے۔

انہوں نے کہاکہ یہ سکیم نچلی سطح پر اسلامی بینکاری کے فروغ کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہوگی اور اس سے نوجوان تاجروں میں اسلامی طریقوں سے قرضوں کے حصول کے بارے میں بہتر سمجھ بوجھ پیدا ہوگی۔

(جاری ہے)

اسلامی بینکاری کے فروغ کے بارے میں کمیٹی کے چیئرمین سعید احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ میزان بینک کے ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ سعید احمد نے کہاکہ ملک میں اسلامی بینکاری کی صنعت میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بنیادی طورایک مذہبی معاشرہ ہونے کے ناطے قرضوں کی فراہمی کے اسلامی طریقہ کار کے فروغ کے ذریعے معاشرے کے ان افراد کو بھی قرضہ حاصل کرنے کے مواقع حاصل ہوں گے جو روایتی بینکاری نظام کے تحت قرضے حاصل کرنے سے اجتناب کرتے ہیں۔ اس موقع پر یوتھ بزنس لون سکیم کی چیئرپرسن مریم نواز نے بینک حکام کو ہدایت کی کہ وہ قرضوں کی فراہمی کے لئے اسلامی طریقہ کار متعارف کرانے کیلئے دن رات کام کریں تاکہ اسلامی بینکاری سے فائدہ اٹھانا نوجوانوں کی اولین ترجیح ہو۔

انہوں نے کہاکہ انہیں نیشنل بینک آف پاکستان کے حکام پر پورا اعتماد ہے، وہ وزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم کو اسلامی طریقہ بینکاری میں منتقل کرنے کو بہت جلد حتمی شکل دیں گے۔ اجلاس میں شریک بینک کے حکام نے کہاکہ بینک عملے کی تربیت اور سہولیات کی فراہمی کے ذریعے نوجوانوں کو بہت جلد بینکاری کے اسلامی طریقے سے قرضہ فراہم کیا جا سکے گا۔ اس موقع پر نیشنل بینک آف پاکستان کے شریعہ بورڈ کے مشیر نے سکیم کی چیئرپرسن کے سامنے ایک چارٹ پیش کیا جس میں اسلامی بینکاری کا مکمل طریقہ کار کی وضاحت کی گئی تھی۔ میزان بینک کے حکام نے وزیراعظم بزنس یوتھ لون سکیم کیلئے نیشنل بینک کے اہلکاروں کو تربیت فراہم کرنے کیلئے تعاون کی بھی پیشکش کی۔