مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل جنوبی ایشیائی خطے کے دائمی امن و استحکام کیلئے ناگزیر ہے،حریت کانفرنس

ہفتہ 18 جنوری 2014 13:26

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جنوری 2014ء) حریت کانفرنس نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کو جنوبی ایشیائی خطے کے دائمی امن و استحکام کیلئے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی پاس کردہ قراردادوں کی روح سے کشمیر یوں کے حق خود اداریت کے حق کو نہ صرف تسلیم کیا گیا ہے بلکہ سیاسی مستقبل کے تعین کے حوالے سے کشمیری عوام کی رائے کو اولیت حیثیت حاصل ہے۔

عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں سرکردہ حریت رہنماء مختار احمد وازہ ،ظفر اکبر بٹ و دیگر نے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے کشمیری عوام کی حیثیت فریقانہ نہیں بلکہ مالکانہ نوعیت کی ہے لہٰذا مسئلے کے حوالے سے مذاکراتی عمل میں کشمیری عوام کی شرکت لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے حق کے حصول کی جدوجہد میں کشمیری عوام نے بے مثال جانی و مالی قربانیاں پیش کیں اور کر رہے ہیں لہٰذا یہاں کے عوام کی رائے اور جذبات و احساسات سے صرف نظر کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ۔

(جاری ہے)

حریت قائدین نے کشمیر اور بھارت کی دیگر ریاستوں کی جیلوں میں سالہا سال سے نظر بند سیاسی قیدیوں کی مدت قید کو بلا جواز طول دینے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان قیدیوں کے حوالے سے عدل و انصاف کے تقاضوں کو یکسر نظر انداز کیا جارہا ہے۔