پاکستان حالت جنگ میں ہے ، نائن الیون کے بعد پاکستان غیر محفوظ اور دنیا محفوظ ہوگئی ، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ،پولیس کو حکومت کے بجائے ریاست کا وفادار ہوناچاہیے ، پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ لڑنا ہوگا ،ملک میں حلال اور حرام کی تمیز ختم ہو گئی ،ملک کو ہیروز کی ضرورت ہے ، تقریب سے خطاب

ہفتہ 18 جنوری 2014 13:31

پاکستان حالت جنگ میں ہے ، نائن الیون کے بعد پاکستان غیر محفوظ اور دنیا ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جنوری 2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے پاکستان حالت جنگ میں ہے ، نائن الیون کے بعد پاکستان غیر محفوظ اور دنیا محفوظ ہوگئی ،پولیس کو حکومت کے بجائے ریاست کا وفادار ہوناچاہیے ، پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ لڑنا ہوگا ،ملک میں حلال اور حرام کی تمیز ختم ہو گئی ،ملک کو ہیروز کی ضرورت ہے ،ہفتہ کو یہاں اسلام آباد میں پولیس کی پاسنگ آوٴٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہا کہ نائن الیون واقعات کے بعد پاکستان نے بہت نقصان اٹھایا۔

ہزاروں قربانیوں کے باوجود عالمی برادری نے پاکستان کا کردار تسلیم نہیں کیا۔ نائن الیون واقعات کے بعد دنیا محفوظ مگر پاکستان غیر محفوظ ہوگیا۔چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ 9 ستمبر کو امریکہ میں حملے کے بعد دنیا کے بہت سے مقامات محفوظ ہوچکے ہیں تاہم بدقسمتی سے پاکستان جس کا نائن الیون سے کوئی تعلق نہیں تھا پاکستان نائن الیون کے بعد لگنے والی آگ میں آج تک جل رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک انتہائی مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ امن و امان کے لئے پولیس کا کردار کئی گنا بڑھ گیا ہے۔ پولیس کو پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ لڑنا ہوگا۔ پولیس کو حکومت کے بجائے ریاست کا وفادار ہوناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی اس جنگ میں پاکستان نے 26 ہزار سے زائد خواتین، بچوں، سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور سویلینز کی قربانیاں دیں اس جنگ میں پاکستان کو سپورٹ کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں امن و امان کے قیام کیلئے پولیس کا کردار بڑھ رہا ہے، دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں کامیابی کے لئے پولیس کو غیر معمولی کاکردگی دکھانا ہوگی وزیر داخلہ پولیس اہلکاروں سے کہا کہ وہ پاکستان کے اندر انصاف کا بول بالا کریں پولیس پاکستان کو دہشت گردی سے نکالنے کے لیے اولین کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کلمہ طیبہ کی بنیاد پرحاصل کیا گیا تھا۔ آج ملک میں حلال اور حرام کی تمیز ختم ہوگئی ہے۔