طالبان کیساتھ مذاکرات میں ہمارا موقف واضع ہے،طاقت سے مسائل حل نہیں خراب ہوتے ہیں، ملک میں قیام امن ہماری ترجیح ہے،مولاناعبدالغفورحیدری

ہفتہ 18 جنوری 2014 15:26

جیکب آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جنوری 2014ء) وفاقی وزیر مملکت و جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ مزاکرات میں ہمارا موقف واضع ہے حال ہی میں وزیر اعظم نواز شریف نے طالبان کے ساتھ مزاکرات کے حوالے سے صاف بیان دیا ہے جس میں انہوں نے مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر رہنماوٴں سے تعاون کی اپیل کی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے صدر ڈاکٹر اے جی انصاری کی رہائشگاہ پر صحافیوں سے ٹیلی فونک خطاب اور عائمہ مساجد اوقاف کے چےئر مین حافظ محمد صدیق کھوسو کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی اب حکومت کا حصہ ہے طالبان سے مزاکرات کے سلسلے میں حکومت جے یو آئی کے ساتھ مشاورت کریگی اگر حکومت سے باہر بھی ہمیں کردار اداکرنا پڑا تو ہم مکمل تعاون کریں گے ،انہوں نے کہا کہ مسائل طاقت سے حل نہیں ہوتے بلکہ طاقت کے استعمال سے حالات مزید خراب ہوتے ہیں جس کی مثال افغانستان میں 12سال تک امریکی سرپرستی میں نیٹو افواج نے افغانستان کی عوام پرطاقت کا استعمال کرکے مظالم کی انتہا کردی مگر افغانستان میں امن کا قیام ممکن نہیں ہوسکا ،انہوں نے کہا کہ آخر کب تک ہم غیروں کی جنگ لڑتے رہیں گے ،اس لیے ہمیں غیروں کی جنگ سے علیحدگی کا اعلان کرنا ہوگا اور طالبان کے ساتھ مزاکرات کرکے ملک میں قیام امن کے لیے اقدامات کرنے پڑیں گے ، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت میں شمولیت کے بعد ہم نے تین مسائل کو حل کرنا اپنی ترجیح میں شامل کیا ہے ان میں ملک میں امن امان کا قیام، اقتصادی مسائل کو حل کرنا اور ملک میں انرجی بحران کو حل کرنا ہے ہم نے عوام کے مسائل کو حل کرنے کا تہیہ کرلیا ہے ،ملک کئی مسائل کا شکار ہے جن کو حل کرنے میں وقت ضرور لگے گا،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جے یو آئی بلوچستان حکومت میں شامل نہیں ہوگی اور بلوچستان میں ہم اپوزیشن میں رہیں گے ،انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قوم پرستوں کو عوام پر مسلط کیا گیا مگر اس کے باوجود ہم نے انہیں تسلیم کیا ہے قومپرستوں کو موقعہ دیا ہے کہ وہ عوام کے مسائل کو حل کریں،عائمہ مساجد اوقاف کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ جے یو آئی کی حکومت میں شمولیت کے بعد عوام کو مثبت تبدیلی نظر آئے گی ،علماء کرام نے ہمیشہ عوام کے فلاح و بہبود کیلئے آواز بلند کی ہے۔

متعلقہ عنوان :