آزادکشمیر میں زراعت کے شعبہ کو ماضی کی حکومتوں نے نظر انداز کیا موجودہ حکومت ترقی دیکر خوراک کی ضروریات خود پوری کریگی،سید بازل علی نقوی

ہفتہ 18 جنوری 2014 16:38

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جنوری 2014ء)آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرکے وزیر زراعت ولائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں زراعت کے شعبہ کو ماضی کی حکومتوں نے نظر انداز کیا موجودہ حکومت اسے ترقی دے کر خوراک کی ضروریات خود پوری کرے گی اور روزگار کے مزید مواقع بھی پیدا کیے جائیں گے۔ محکمہ کو فعال بنانے کے لیے مزید ترقیاتی بجٹ مختص کیا جائیگا ۔

سرکاری اہلکار اپنی روایتی سست روی چھوڑ کر کام کی طرف توجہ دیں ۔ وہ ہفتہ کے روز یہاں محکمانہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر زراعت نے کہا کہ آزادکشمیر کا زرعی رقبہ اب بھی پوری طرح زراعت کے لیے استعمال نہیں کیا جا رہا ہے۔ لوگوں نے زراعت پر توجہ دینا کم کر دی ہے جس کے نتیجہ میں اجناس سے لیکر سبزی پھل ہر چیز آزادکشمیر میں منگوائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

لوگوں کا تعلق زراعت سے کمزور ہونے کی وجہ سے بے روزگاری بڑھ رہی ہے جس کے نتیجہ میں غربت میں اضافہ ہور ہا ہے۔ وزیر زراعت نے کہاکہ کھیتی باڑی اب ھی ایک انتہائی نفع بخش پیشہ ہے اور اسے ترقی دے کر خوشحالی لائی جا سکتی ہے۔ وزیر زراعت نے کہاکہ محکمہ کی ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا جا ئے گا تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ اس شعبہ میں خرچ ہونے والا بجٹ صحیح استعمال ہوا یا نہیں اور ان سکیموں سے کس حد تک ترقیاتی اہداف حاصل ہو سکے ہیں ۔ وزیر زراعت و امور حیوانات نے کہاکہ محکمہ کے اندر کرپشن کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی اور کرپٹ عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔