بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ملک بھر میں 300تربیتی اداروں کے کنٹریکٹ منسوخ کرکے نیاٹینڈر جاری کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 18 جنوری 2014 16:43

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جنوری 2014ء)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ملک بھر میں 300تربیتی اداروں کے کنٹریکٹ منسوخ کرکے نیاٹینڈر جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘ادارے کے چیئرمین نے میڈیا مہم، وسیلہ حق اور وسیلہ روزگار میں مبینہ کرپشن کے کیسز نیب کو بھجوا دیئے جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پر حکومت نے نظر ثانی کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ملک بھر میں تربیتی اداروں کو منتخب کرنے کیلئے اب نیا ٹینڈر جاری کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ادارے نے زیر تربیت افراد کیلئے 6ہزار روپے ماہانہ وظیفہ بھی بند کردیا ہے اس کے علاوہ روزگار اسکیم کو بند کرکے نئے سرے سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ وسیلہ حق پروگرام کے تحت کاروبار کے لیے 3 لاکھ روپے کی رقم میں کمی اور تربیت کو بڑھا کرچار ماہ کیا جارہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ دور حکومت میں میڈیا مہم ، وسیلہ روزگار اور وسیلہ حق پروگرام میں مبینہ بدعنوانی کے کیسز نئے چیئرمین بینظیر انکم سپورٹ پروگرام انور بیگ نے نیب کو بھجوا دئیے ہیں۔رابطہ کرنے پر ڈی جی بی آئی ایس پی نے بتایا کہ تمام پروگرامز پر نظرثانی کی جارہی ہے اور مانیٹرنگ کا عمل تھرڈ پارٹی کے ذریعے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔