کراچی میں صفائی ستھرائی کے کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا،شرجیل میمن

ہفتہ 18 جنوری 2014 16:51

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18جنوری 2014ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں صفائی ستھرائی کے کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تمام ڈی ایم سیز اور میونسپل کمیشنر اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں آئندہ 48 گھنٹوں کے اندر صفائی کے کام کو مکمل کروائیں۔ عوام کے جائز کاموں میں کسی رکاوٹ کی صورت میں متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

شہر میں خراب سی سی ٹی وی کیمروں اور اسٹریٹ لائٹس کی خرابیوں کو دور کیا جائے تاکہ اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم کی شرح میں کمی ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کراچی کے تمام اضلاع کے ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سیز اور میونسپل کمیشنرز کے اجلاس کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ انہوں نے کراچی میں صفائی ستھرائی کی مہم کے حوالے سے 72 گھنٹے جو الٹی میٹم دیا تھا اب اس کی معیاد پوری ہوچکی ہے اور اب وہ کسی بھی وقت کسی بھی ڈسٹرکٹ میں سرپرائز وزٹ کریں گے اور اگر کسی بھی علاقے میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے عوام کی جانب سے کوئی شکایت موصول ہوئی تو اس علاقے کے متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو سختی سے ہدایت کی کہ شہر میں لگے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں میں جو کیمرے خراب ہیں یا کام نہیں کررہے ہیں ان کی فوری درستگی کی جائے اور اہم شاہراہوں اور گلیوں میں خراب اسٹریٹ لائٹس کو فوری طور پر درست کیا جائے تاکہ اسٹریٹ کرائم اور جرائم پر قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے تمام ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سیز اور میونسپل کمیشنرز کو ہدایت کی کہ ان کے محکمے میں موجود تمام گھوسٹ ملازمین کی فوری فہرست جاری کی جائے اور جو ملازمین اپنی ڈیوٹیوں پر نہیں آرہے ہیں ان کو شوکاز نوٹسز جاری کئے جائیں۔

اس موقع پر انہوں نے دسٹرکٹ سینٹرل کے ایڈمنسٹریٹراور میونسپل کمیشنرز کی جانب سے ربیع الاول کے دوران صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات پر ان کی تعریف کی اور کہا کہ تمام اضلاع کے ذمہ داران اپنے اپنے علاقوں میں بھرپور صفائی کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر مختلف دسٹرکٹ کے ایڈمنسٹریٹرزاور میونسپل کمیشنرز نے اپنے اپنے مسائل سے انہیں آگاہ کیا اور بتایا کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے مشکلات کے حوالے سے بھی احکامات دئیے جائیں، جس پر صوبائی وزیر نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو ہدایت کی کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ایم ڈی اور دیگر متعلقہ حکام اور کراچی کی ایڈمنسٹریشن کے مابین کوآرڈنیشن کو مزید فعال کیا جائے اور تمام مسائل کا حل فوری طور پر حل کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :