بی بی سی ٹی وی کے نیوز کاسٹر کوملا ڈومور اچانک انتقال کر گئے،ڈومور افریقی صحافت کیلئے مشعل راہ کی مانند تھے ،کمی محسوس کی جاتی رہے گی ، ڈائریکٹر

اتوار 19 جنوری 2014 12:55

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری ۔2014ء)بی بی سی ٹی وی کے نیوز کاسٹر کوملا ڈومور لندن میں اچانک انتقال کر گئے ہیں ان کی عمر 41 برس تھی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈومور گھانا میں پیدا ہوئے تھے اور وہ بی بی سی ورلڈ نیوز کا پروگرام فوکس آن ایفریکا پیش کیا کرتے تھے۔گھانا کے صدر جان ڈرامینی ماہما نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ان کے انتقال سے گھانا اپنے عمدہ ترین سفیروں میں سے ایک سے محروم ہو گیا ہے۔

بی بی سی گلوبل نیوز کے ڈائریکٹر پیٹر ہوریکس نے کہا کہ ڈومور افریقی صحافت کیلئے مشعل راہ کی مانند تھے اور ان کی کمی محسوس کی جاتی رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ وہ افریقہ کا اصل چہرہ پیش کیا کرتے تھے۔ افریقہ کی توانائی اور جوش و جذبہ کوملا کی ہر سٹوری کے پیچھے چمکتا ہوا دکھائی دیتا تھا۔

(جاری ہے)

نیو ایفریکن میگزین نے کوملا ڈومور کو 2013 کے 100 بااثر ترین افریقیوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

میگزین کے مطابق وہ عالمی براڈ کاسٹنگ کا ابھرتا ہوا افریقی چہرہ تھے جو براعظم کی کوریج کے سلسلے میں بہت بااثر شخصیت تھے۔ڈومور تین اکتوبر 1973 کو گھانا کے شہر عقرہ میں پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے یونیورسٹی آف گھانا سے سوشیالوجی اور نفسیات میں بی اے اور ہارورڈ یونیورسٹی سے پبلک ایڈمنسٹریشن میں ایم اے کیا تھا۔وہ چار سال قبل بی بی سی سے وابستہ ہوئے تھے۔