متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی مذمت ، طالبان سے مذاکرات کرنے ہیں یا کوئی دوسرا فیصلہ کرنا ہے، دونوں صورتوں میں حکومت جلد فیصلہ کرے ، الطاف حسین ،فیصلے میں جتنی تاخیر کی جائیگی عوام اور سیکیورٹی اہلکاروں کی جانوں کا نقصان بھی اسی قدر زیادہ ہوگا ،ایم کیوایم کے قائد کا بیان

اتوار 19 جنوری 2014 15:27

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری ۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کرنے ہیں یا کوئی دوسرا فیصلہ کرنا ہے دونوں صورتوں میں حکومت جلد فیصلہ کرے۔اتوار کو لندن سے جاری اپنے بیان میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے کسی بھی فیصلے میں جتنی تاخیر کی جائے گی ملک کے عوام اور سیکیورٹی اہلکاروں کی جانوں کا نقصان بھی اسی قدر زیادہ ہوگا۔

(جاری ہے)

اگر عام شہریوں، پاک فوج اور پولیس کے جوانوں سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوان اسی طرح شہید ہوتے رہے تو ان میں مایوسی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ اس لئے طالبان سے مذاکرات کے سلسلے میں جلد سے جلد فیصلہ کیاجائے اور اس سے قوم کو آگاہ کیاجائے۔الطاف حسین نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے لہٰذا وزیراعظم اور عسکری اداروں کے سربراہان سر جوڑ کر بیٹھیں اور لائحہ عمل تشکیل دیں جس کے تحت حملہ کرنے والے دہشت گردوں سے بھر پور طریقے سے نمٹا جاسکے ۔