بزدلانہ حملوں سے دہشتگردی اور عسکریت پسندی کی لعنت کیخلاف حکومت اور قوم کے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا ، صدر ممنون حسین ،حکومت دہشتگردوں کو حکومت ملک و قوم کے خلاف کسی مذموم منصوبے میں کامیاب نہیں ہونے دیگی ،وزیر اعظم نواز شریف ، دہشتگردی کا ہر صورت قلع قمع کیا جائے گا ، دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہر صورت خاک میں ملا دینگے ، وزیر داخلہ چوہدری نثار

اتوار 19 جنوری 2014 20:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری ۔2014ء) صدرممنون حسین اور وزیر اعظم نے بنوں میں سیکورٹی فورسز پر بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدلانہ حملوں سے دہشتگردی اور عسکریت پسندی کی لعنت کیخلاف حکومت اور قوم کے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔ اتوار اپنے تعزیتی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے دہشت گردی اور عسکریت پسندی کی لعنت کے خلاف حکومت اور قوم کے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔

صدر مملکت نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے ایصال ثواب اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ صدر نے متعلقہ حکام کو دھماکہ میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیر اعظم نواز شریف نے بنوں میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر ہونے والے حملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے وزیر اعظم میاں نوازشریف نے کہا کہ ملک دشمن اور شر پسند عناصر ملک میں قیام امن نہیں چاہتے اور ملک کو کمزور کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں، حکومت دہشتگردوں کو حکومت ملک و قوم کے خلاف کسی مذموم منصوبے میں کامیاب نہیں ہونے دے گی ادھر وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے کی ہر پہلو سے مکمل چھان بین کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ دہشتگردی کا ہر صورت قلع قمع کیا جائے گااور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہر صورت خاک میں ملایا جائے گا۔