صوبہ میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر بحث کے لئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے‘ اپوزیشن لیڈر،بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر خاموش نہیں‘ ہمیشہ کیلئے ختم کرنیکی سازش کیخلاف بھر پور آواز بلندکرینگے‘ میاں محمو دالرشید

اتوار 19 جنوری 2014 20:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری ۔2014ء) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے صوبہ میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بحث کیلئے فوری طور پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پنجاب جرائم پیشہ لوگوں کیلئے محفوظ پناہ گاہ بنتا جا رہا ہے‘ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں ڈکیتی‘ چوری اور قتل کی واردارتیں معمول بن چکی ہیں‘ تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر خاموش نہیں‘ اگر حکمرانوں نے بلدیاتی انتخابات کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کی سازش کی تو ہم اس کے خلاف بھر پور آواز بلند کرینگے‘ سکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملے قابل مذمت ہیں‘ مذاکرات کیلئے فوری پالیسی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

اتوار کے روز اپنے دفتر میں اراکین اسمبلی اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا کہ حکمران ہر وقت گڈ گورننس کے دعوے کرتے نہیں تھکتے لیکن صوبہ میں جس طرح قتل و غارت اور چوری ڈکیتی کی وارداتیں ہو رہی ہیں اس سے حکومت کی ناکامی کھل کر سامنے آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے سے ہمیشہ خوفزدہ رہتے ہیں کیونکہ ان کے پاس عوامی نمائندوں کے سوالوں کا کوئی جواب نہیں ہوتا‘ فوری طور پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے اور صوبہ میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر بحث کروائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ناکام حکومتوں کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے اور عوام کو تسلیوں کے سوا کچھ نہیں دیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم بنوں میں سکیورٹی فورسز کی شدید مذمت کرتی ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جانیں دینے والے سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔