بنوں جیسے واقعات امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے اور امن کے پیغام پر حملہ ہے ، شاہ محمود قریشی ،مذاکرات کے حوالے سے حکومت سنجیدہ نہیں اور نہ وہ سنجیدہ ہیں، جن سے حکومت مذاکرات کرنے جارہی ہے، مقامی ہوٹل میں پارٹی اجلاس سے خطاب

اتوار 19 جنوری 2014 20:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے بنوں واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ اس واقعہ کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی ہے، تو ہم ان کی بھی مذمت کرتے ہیں۔ بنوں جیسے واقعات امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے اور امن کے پیغام پر حملہ ہے۔ مذاکرات کے حوالے سے نہ حکومت سنجیدہ ہے اور نہ وہ سنجیدہ ہیں، جن سے حکومت مذاکرات کرنے جارہی ہے۔

وہ اتوار کو مقامی ہوٹل میں تحریک انصاف سندھ کے تحت بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے پارٹی اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بنوں واقعے کی تحریک انصاف شدید مذمت کرتی ہے۔ اب تک حکومت کی پالیسی واضح نہیں ہے کہ وہ مذاکرات کررہی ہے یا نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر مذاکرات اور قیام امن کی کوششوں کے حوالے سے پارلیمنٹ اور سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی موجودہ پوزیشن سے تو نظر آتا ہے کہ حکومت مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہے اور نہ ہی وہ لوگ سنجیدہ ہیں جن سے حکومت مذاکرات کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری اداروں کی نجکاری پر فوری طور پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلائے اور اس معاملے پر پارلیمنٹ اور صوبوں کو اعتماد میں لے۔ اگر ازخود کوئی فیصلہ کیا گیا تو پھر ہم احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی پولیس میں سیاسی مداخلت کی جارہی ہے اور تبادلوں کے معاملے پر کھینچا تانی کا سلسلہ جاری ہے، جس سے خدشہ ہے کہ شہر کے حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور میرٹ کی بنیاد پر امیدوار منتخب کئے جائیں گے۔ قبل ازیں انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ تحریک انصاف کا ویژن تیزی سے سندھ میں پھیل رہا ہے اور سندھ کی عوام تحریک انصاف پر بھرپور اعتماد کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی عہدیدار اور کارکنان عوام سے رابطوں میں رہیں اور پارٹی کے پیغام کو عام کریں۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے تحریک انصاف سندھ کے صدر نادر اکمل لغاری نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم ذاتی طور پر اچھے اور شریف انسان ہیں۔ سب ان کو تسلیم کرتے ہیں۔ ارباب رحیم سمیت سب کے لئے تحریک انصاف کے دروازے کھلے ہیں۔