ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پرامن ہوئے،کوئی ناخوشگوارواقعہ پیش نہیں آیا،سیدسلطان بایزید، حتمی نتائج کے آنے کے بعدالیکشن کمیشن منتخب نمائندگان کی حلف برداری کا شیڈول جاری کرے گا،صوبائی الیکشن کمشنر، امن وامان برقرار رکھنے کیلئے صوبائی حکومت اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار اور تعاون کو سراہا

اتوار 19 جنوری 2014 23:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری ۔2014ء) صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان سید سلطان بایزید نے کہا ہے کہ صوبے کے 12اضلاع میں خالی رہ جانے والی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کا مرحلہ پرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔ صوبے کے کسی بھی علاقے میں کوئی ناخوشگوار واقعہ رونمانہیں ہوا اور ووٹروں نے ان اضلاع میں 98نشستوں پر انتخاب کیلئے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ضمنی بلدیاتی انتخابات کے سرکاری نتائج کا اعلان 21جنوری تک متوقع ہے اور حتمی نتائج کے آنے کے بعدالیکشن کمیشن منتخب نمائندگان کی حلف برداری کا شیڈول جاری کرے گا ۔ بعد آزاں مخصوص نشستوں کے انتخاب کا مرحلہ شروع ہو جائے گا۔ پرامن انتخابات کے انعقاد پرانہوں نے ووٹروں ، سیاسی پارٹیوں اور آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کا شکریہ اداکیا۔ امن وامان برقرار رکھنے کیلئے صوبائی حکومت اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مثبت کردار اور تعاون کو سراہا۔