طالبان سے مذاکرات افسانہ ہیں، اس سے پہلے وہ ہمیں ختم کریں، ان کو ختم کرنا ہوگا، بلاول بھٹو زرداری،حملہ آور اسلام، پاکستان اور عوام کے مشترکہ دشمن ہیں اس لیے تمام طبقات ان جرائم پیشہ افراد کے خلاف متفق ہوجائیں، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی

اتوار 19 جنوری 2014 23:45

طالبان سے مذاکرات افسانہ ہیں، اس سے پہلے وہ ہمیں ختم کریں، ان کو ختم ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری ۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے بنوں میں سیکیورٹی فورسز پر طالبان حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف سی کے بہادر سپاہیوں پر حملہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی ہے جس کے نتیجے میں 20 جوانوں نے لڑتے ہوئے اپنی دھرتی ماں کی عظمت کی خاطر شہادت قبول کی، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ”ہمارے جوانوں کو قتل کیا جاتا ہے، محب وطن سیاسی قائدین کو ہٹا گیا جاتا ہے، طالبان کے محض حامیوں کو چھوڑ کر ملک بھر میں تمام مکتبہ فکر کے طبقات کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جاتا ہے، مساجد سے تعلیمی ادارے، اسپتالوں سے چرچ، میڈیا ہاوٴسز سے فوجی تنصیبات ، جیلوں سے تبلیغی مراکز تک دہشت گردوں کی بربریت کا شکار بن چکے ہیں، انہوں نے تمام مکاتب فکر سے اپیل کی کہ حملہ آور اسلام، پاکستان اور عوام کے مشترکہ دشمن ہیں اس لیے تمام طبقات ان جرائم پیشہ افراد کے خلاف متفق ہوجائیں، انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کہ یہ ہم سب کو ختم کردیں ان کو ختم کرنے کی ضرورت ہے، پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ نے تحریک طالبان پاکستان کو تسلیم کرنے سے واضح انکار کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ جو ان کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں وہ مذاکرات کا افسانے پیش کر رہے ہیں، انہوں نے شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے دعا کی کہ الله تعالیٰ شہداء کے درجات کو بلند کرے اور زخمیوں کو جلد صحتیاب کرے۔