راولپنڈی میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 6 اہلکاروں سمیت 13 افراد جاں بحق

پیر 20 جنوری 2014 11:32

راولپنڈی میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 6 اہلکاروں سمیت 13 افراد ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جنوری 2014ء) آر اے بازار میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر خودکش حملے کے نتیجے میں 6 اہلکاروں سمیت 13 افراد جاں بحق جب کہ 16 زخمی ہوگئےہیں۔ ذرائع کے مطابق پاک فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) کے قریب آر اے باز میں پاک فوج اور پولیس کی مشترکہ چیک پوسٹ پر خودکش حملےکے نتیجے میں 6 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 13افراد جاں بحق جب کہ 16 زخمی ہوگئےہیں۔

دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو سی ایم ایچ اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ جاں بحق ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی شناخت صوبیدار طاہر، حوالدار اصغر، حوالدار اکرم، لانس نائیک انور اور لانس نائیک عمران کے نام سے ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

دھماکے کے بعد پولیس اور پاک فوج کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے جب کہ علاقے میں ایک اور خودکش حملہ آور کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے میڈیا اور عام افراد کو جائے حادثہ سے دور رہنے کی ہدایت دی جارہی ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق خودکش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ خوکش بمبار کی عمر 18 سے 20 سال کے درمیان تھی۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی جب کہ اس کے نتیجے میں کئی موٹرسائیکلیں، گاڑیوں اور دکانوں بھی نقصان پہنچا۔ واضح رہےکہ گزشتہ روز بنوں کے علاقے کینٹ میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم حملے کے نتیجے میں 23 اہلکار جاں بحق جبکہ 23 زخمی ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :