کراچی کے علاقے ملیر میں واقع ندی سے تین افراد کی لاشیں برآمد کرلی گئیں

پیر 20 جنوری 2014 13:40

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جنوری 2014ء) صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے ملیر میں واقع ندی سے تین افراد کی لاشیں برآمد کرلی گئیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا آرام باغ کے قریب پولیس موبائل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے واقعہ پر فرائض میں غفلت برتنے پر ایس ایچ او آرام باغ کو معطل کردیا گیا۔اطلاعات کے مطابق علی الصبح شہر قائد کے علاقے ملیر ندی سے تین افراد کی لاشیں برآمد کی گئی۔

پولیس کے مطابق تینوں افراد کو اغوا کے بعد شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور بعد ازاں گولیاں مار کر قتل کرکے لاشیں ملیر ندی میں پھینک دی گئی۔ پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا۔پولیس نے کہا کہ فی الحال مقتولین کی شناخت سے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا دوسری جانب نیو کراچی میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے دو افراد کو زخمی کردیا عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے دوسری جانب کورنگی انڈیسٹریل ایریا میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے جرائم کی وارداتوں میں ملوث دو انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کرلیا رینجرز ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کراچی کے علاقے آرام باغ کے قریب پولیس موبائل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے واقعہ میں فرائض میں غفلت برتنے پر ایس ایچ او آرام باغ کو معطل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق آرام باغ میں ڈاو میڈیکل کالج سگنل کے قریب آرام باغ پولیس اسٹیشن کی موبائل کھڑی تھی کہ نامعلوم چار موٹر سائیکل سواروں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں پولیس موبائل میں موجود 2 پولیس اہلکاراور دو راہ گیر زخمی ہوگئے۔

دوران علاج پولیس کانسٹیبل نعمان جانبر نہ ہوسکا جبکہ زخمی اے ایس آئی محمد سہیل ، راہ گیر عثمان اور مریدکو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ایس پی صدر سید سلمان حسن کے مطابق فرائض میں غفلت برتنے پر ایس ایچ او آرام باغ قمر کیانی کو معطل کردیا گیا۔ ادھر کراچی کی سینٹرل جیل پر ممکنہ حملے کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی پولیس کے مطابق کراچی کی سینٹرل جیل پر ممکنہ حملے کی دھمکی موصول ہوئی جس کے باعث حفاظتی اقدامات غیر معمولی طور پر سخت کردیئے گئے ہیں۔

یونیورسٹی روڈ پی ائی بی کالونی، چیل چورنگی فلائی اوور اور اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی جبکہ رینجرز کو بھی ہائی الرٹ کیا گیا ۔ٹریفک پولیس کے مطابق یونیورسٹی روڈ کو جیل چورنگی سے نیو ٹاؤن تک ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :