راولپنڈی ، آر اے بازار میں سکیورٹی فورسز کی چیک پو سٹ پر خود کش حملہ ،چھ اہلکاروں سمیت 13افراد جاں بحق ، متعدد زخمی ، کالعدم تحریک طالبان نے ذمہ داری قبول کرلی ،پاک فوج پر دہشتگردوں کا حملہ ملک اور قوم کے خلاف گھناوٴنی سازش ہے ،برداشت نہیں کئے جائینگے ، صدر ،وزیر اعظم کی مذمت

پیر 20 جنوری 2014 15:11

راولپنڈی ، آر اے بازار میں سکیورٹی فورسز کی چیک پو سٹ پر خود کش حملہ ..

اسلام آباد /راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جنوری 2014ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی آر اے بازار میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر خود کش حملے کے نتیجے میں چھ سکیورٹی اہلکاروں سمیت13افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ،زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کاخدشہ ہے ، کئی عمارتوں اور موٹرسائیکلز کو نقصان پہنچا ، قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، سرچ آپریشن کے دور ان مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج پر دہشت گردوں کا حملہ ملک اور قوم کے خلاف گھناوٴنی سازش ہے ،برداشت نہیں کئے جائینگے ۔

پیر کی صبح حساس علاقے آر اے بازار میں پاک فوج اور پولیس کی مشترکہ چیک پوسٹ پر خودکش حملے کے نتیجے میں 6 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 13افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے جاں بحق ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی شناخت صوبیدار طاہر، صوبیدار عابد ،حوالدار اصغر، حوالدار اکرم، لانس نائیک انور اور لانس نائیک عمران کے نام سے ہوئی ہے نویں جماعت کا طالب علم مبشر مشتاق ،محمد صدیق،60 سالہ عابد حسین بھی جاں بحق ہونیوالوں میں شامل ہیں ذرائع کے مطابق خود کش حملہ آور سائیکل پر سوار تھا عمر 18سے 20سال کے درمیان تھی زور دار دھماکے کی آواز دو کلو میٹر دور تک سنی گئی جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا۔

(جاری ہے)

زخمی ہونے والوں میں بچے اور سیکورٹی اہلکار بھی شامل ہیں،واقعہ میں کئی عمارتوں اور موٹر سائیکلز کو نقصان پہنچا اور کئی قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے تاہم دھماکے کی جگہ پر میڈیا سمیت کسی کو جانے کی اجازت نہیں دی گئی ڈی سی او راولپنڈی کے مطابق خود کش حملہ آور سائیکل پر سوار تھا جس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔انھوں نے بتایا کہ چار زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے دھماکے کے فوری بعد فوج نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ادھر سرچ آپریشن کے دوران مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیاایک نجی ٹی وی کے مطابق دھماکے میں ندیم عباس انتقامی کے ملوث ہونے کا امکان ہے جو کہ تحریک طالبان راولپنڈی اور اسلام آباد کا امیر ہے۔

ندیم عباس انتقامی محرم میں ایک بار گاہ پرحملے میں بھی ملوث تھا،ندیم عباس انتقامی کا تعلق لشکر جھنگوی سے ہے دوسری جانب خود کش حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان نے قبول کر لی ہے۔ ادھر صدرمملکت ممنون حسین اور وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے راولپنڈی کے حساس علاقے میں ہونے والے خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے ایوان صدر سے جاری مذمتی بیان میں کہا گیا کہ دکھ اور رنج کی اس گھڑی میں حکومت اور قوم شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، پاک فوج پر دہشت گردوں کا حملہ ملک اور قوم کے خلاف گھناوٴنی سازش ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے حملے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔وزیراعظم ہاوٴس کی جانب سے مذمتی بیان میں وزیراعظم نے شہید ہونے والے اہل کاروں کے اہل خانہ سے تعزیت اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم کی جانب سے جاری بیان میں آر اے بازار خود کش حملے کی شدید مذمت کی گئی۔ وزیراعظم نے کہاکہ قوم اور افواج اورحکومت اتحاد اور اتفاق سے دہشت گردوں کے ناپاک اداروں کو ناکام بنائینگے ۔

وزرائے اعلیٰ ، میاں شہباز شریف ، پرویز خٹک ،ڈاکٹر عبد المالک ، سید قائم علی شاہ ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ ، صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب ، وزیر اعظم آزاد کشمیرچوہدری عبد المجید ، گور نر پنجاب چوہدری سرور ، گور نر سندھ عشرت العباد ، گور نر بلوچستان محمدخان اچکزئی ، گور نر صوبہ خیبرپختون خوا شوکت اللہ انجینئر ، چیئر مین سینٹ سید نیئر حسین بخاری ، ڈپٹی چیئر مین صابر بلوچ ، سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق ، وفاقی وزراء چوہدری نثار علی خان ، سینیٹر پرویز رشید ، سینیٹر اسحاق ڈار ، خواجہ سعدرفیق ، شاہد خاقان عباسی ، خرم دستگیر ، اکرم خان درانی ، ایم کیو ایم کے قائد ا لطاف حسین ، پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زر داری ، سابق صدر آصف علی زر داری ، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اسفند یار خان ولی ، جے یو آئی ف کے رہنما مولانا فضل الرحمن اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ، جماعت اسلامی کے رہنما سید منور حسن ، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما سید ساجد نقوی ، مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین ، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد سمیت متعدد سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے راولپنڈی میں خود کش حملے کی کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا -

متعلقہ عنوان :