آزادکشمیر حکومت لائیو سٹاک اراضی ایف ڈبلیو او کے حوالے کرنے سے باز رہے،بیرسٹر افتخار علی گیلانی

پیر 20 جنوری 2014 15:45

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جنوری 2014ء)مسلم لیگ (ن)کے رکن قانون ساز اسمبلی بیرسٹر افتخار علی گیلانی نے کہا ہے کہ آزادکشمیر حکومت لائیو سٹاک اراضی ایف ڈبلیو او کے حوالے کرنے سے باز رہے 50کروڑ روپے سے زائد کی تعمیرات ڈویلپمنٹ ریسرچ سینٹر کو مظفرآباد سے شفٹ کرنے کی منصوبہ بندی کے تحت اٹھائے جانیوالے اقدامات کی بھرپور مخالفت کرینگے مسلم لیگ ن لائیو سٹاک کی جگہ کسی دوسرے ادارے کو دینے کیخلاف مزاحمت کریگی اور اس بارے میں ہونیوالی تمام سازشیں ناکام بنائیں گے حکومت نے اگر کسی ادارے کو جگہ فراہم کرنی ہے تو متبادل خالی جگہ کا انتظام کرے ریاستی ادارے کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ لائیو سٹاک کی اراضی پر اس وقت تک کروڑوں روپے کی تعمیرات کی گئی ہیں حکومتی وزراء سازش کے تحت اس اہم ادارے کو مفلوج کرنے والے اقدامات قبول نہیں کرینگے انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں مالیاتی بحران موجود ہے اور حکومت کے پاس کوئی فنڈز موجود نہیں ہیں کہ اس ادارے کی دوبارہ دوسری جگہ تعمیرات ممکن ہو سکے لائیو سٹاک کو اگر اس جگہ سے بے دخل کر دیا جاتا ہے تو دوبارہ تعمیرات کیلئے فنڈز کہاں سے آئیں گے انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کو نقصان پہنچانے کے عمل کی بھرپور مخالفت کریں گے حکومت اگر کسی ادارے کو جگہ کی فراہمی کرنا چاہتی ہے تو متبادل جگہ کیلئے خالی اراضی فراہم کی جائے پیپلز پارٹی کی حکومت نے اس سے قبل بھی ریونیو اکیڈمی سمیت دیگر ادارے شفٹ کرنے کی کوشش کی جسے ناکام بنایا ریاستی اداروں کو تباہ کرنے کی پالیسی کے خلاف مزاحمت کرینگے حکمران اداروں کو اداروں سے لڑانا چاہتے ہیں لائیو سٹاک کی اراضی پر کسی بھی قسم کی سودے بازی قبول نہیں کرینگے۔